29/08/2026
ڈسٹرکٹ جیل حافظ آباد میں فائر فائٹنگ کے حوالے سے فرضی مشق کا انعقاد
ڈسٹرکٹ جیل حافظ آباد میں فائر فائٹنگ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے ایک فرضی مشق (Mock Exercise) کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد جیل افسران و ملازمین کو آگ لگنے کی صورت میں بروقت اور مؤثر کارروائی کے طریقوں سے آگاہ کرنا تھا۔
فرضی مشق کے دوران جیل ملازمین کو مختلف اقسام کی آگ اور انہیں بجھانے کے مناسب طریقہ کار کے بارے میں عملی تربیت فراہم کی گئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ آگ کی نوعیت کے مطابق فائر ایکسٹنگوشر اور دیگر حفاظتی آلات کا درست استعمال کس طرح کیا جائے، جبکہ ہنگامی صورتحال میں قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔
اس عملی مشق میں محکمہ سول ڈیفنس کے افسران و اہلکاروں نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور جیل ملازمین کو آگ بجھانے کے مختلف طریقوں کا عملی مظاہرہ کر کے دکھایا۔
مشق کا بنیادی مقصد جیل کے عملے کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری، محفوظ اور مؤثر انداز میں کارروائی کرنے کے لیے تیار رکھنا اور جیل میں حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانا تھا۔