20/01/2026
تنظیم المدارس اہلِ سنت پاکستان کے زیرِ اہتمام سالانہ امتحانات اس وقت جاری ہیں۔ ادارۂ معینُ الاسلام، بیربل شریف میں طلبہ کی کثرت اور منظم تعلیمی نظم کے پیشِ نظر امسال پانچ امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ادارہ کے نو کیمپسز سے درسِ نظامی کے کل 615 طلبہ ان امتحانات میں شریک ہو رہے ہیں۔ یہ امر بطورِ خاص قابلِ ذکر ہے کہ ان تمام طلبہ کا شمار مستقل، کل وقتی طالبِ علموں میں ہوتا ہے۔ بورڈ کے طے شدہ قوانین کے مطابق جن طلبہ کی حاضری مطلوبہ معیار پر پوری نہیں اتری، انہیں امتحان میں شریک نہیں کیا گیا، جس سے ادارہ کی تعلیمی سنجیدگی اور نظم و ضبط کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔
یہ طلبہ محض دینی علوم تک محدود نہیں بلکہ اسی عرصہ میں مڈل، میٹرک، ایف۔اے، بی۔اے اور ایم۔اے کے امتحانات بھی مختلف تعلیمی بورڈز اور جامعات کے تحت دے رہے ہیں۔ یوں ادارہ میں دینی اور عصری تعلیم کا وہ حسین امتزاج موجود ہے جو شخصیت سازی، فکری بالیدگی اور عملی زندگی کی تیاری کا ضامن ہے۔
ادارۂ معینُ الاسلام کی نمایاں خصوصیات میں طلبہ کی خودداری کا بھرپور تحفظ، کسی کے در پر دستِ سوال دراز نہ کرنا، اور وقت کی قدر و قیمت کا شعور شامل ہے۔ یہاں طلبہ کا وقت ضائع نہیں کیا جاتا بلکہ ہر لمحہ تعمیری اور بامقصد انداز میں صرف ہوتا ہے۔ مزید برآں، ادارہ کی فراہم کردہ ڈگریاں سرکاری سطح پر منظور شدہ ہیں اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) سے مساوی قرار دی جا چکی ہیں، جو اس تعلیمی نظام کے اعتماد اور وقار کا بین ثبوت ہے۔
ایسے عہد میں، جب تعلیم اکثر ایک منافع بخش کاروبار کی صورت اختیار کر چکی ہے، وہاں سالانہ محض دس روپے داخلہ فیس کے ساتھ معیاری اور ہمہ جہت تعلیم فراہم کرنے والے ادارے کسی نعمت سے کم نہیں۔ ادارۂ معینُ الاسلام سے فارغ التحصیل ہونے والے اور سرکاری و گزٹڈ مناصب تک پہنچنے والے افراد کی تعداد سینکڑوں میں ہے، جو اس تعلیمی سفر کی عملی کامیابی کی روشن دلیل ہے۔
نوٹ
اگر آپ بھی یہ چاہتے ہیں کہ آپ کا بچہ خودداری، وقار اور اعتماد کے ساتھ دینی و عصری تعلیم حاصل کرے، بغیر اس کے کہ وہ زائد العمر ہو، تو ادارۂ معینُ الاسلام میں داخلہ کا موقع موجود ہے۔ خصوصاً حفاظِ کرام کے لیے خصوصی نشستوں کا اہتمام کیا گیا ہے، خواہ وہ ناخواندہ ہوں یا پرائمری، مڈل یا میٹرک کے کسی بھی درجے پر ہوں۔
یہ ادارہ محض تعلیم نہیں دیتا، بلکہ فکر، کردار اور مستقبل کی تعمیر کرتا ہے۔