20/08/2026
دودھ کی قیمت میں خود ساختہ اضافے کے خلاف کارروائی
چارسدہ — 20 اگست 2026:
ڈائریکٹر فوڈ خیبر پختونخوا محسن اقبال اور ڈپٹی کمشنر چارسدہ فضل رحیم مروت کی ہدایات پر، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر چارسدہ کی زیرِ نگرانی دودھ کی قیمت میں خود ساختہ اضافے کے خلاف آج مؤثر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
کارروائی اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر واجد علی اور فوڈ انسپکٹر نے مختلف مقامات پر کی، جہاں دودھ کی قیمتوں اور فروخت کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مقررہ نرخ سے زائد قیمت پر دودھ فروخت کرنے والے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ عوام سے من مانے نرخ وصول کرنے سے فوری طور پر گریز کیا جائے۔
اس موقع پر واضح کیا گیا کہ دودھ سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ عوام پر اضافی بوجھ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مروجہ قوانین اور محکمہ خوراک کے مقررہ طریقۂ کار کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ خوراک کی جانب سے عوامی مفاد کے تحفظ اور مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے بازاروں میں نگرانی اور چیکنگ کا سلسلہ آئندہ بھی بلا تعطل جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔