03/09/2026
کوہستان اپر میں امن و آمان، عوامی مسائل کے حل اور میگا پراجیکٹس کی سیکیورٹی کے حوالے سے سرکل شتیال میں ڈپٹی کمشنر عزیزاللہ جان اور ڈی پی او طاہر اقبال کی مشترکہ کھلی کچہری،
ہربن بھاشہ ڈیم کی سیکیورٹی کا تفصیلی جائزہ
عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر فراہمی اور علاقے میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے عزم کے تحت ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طاہر اقبال کی قیادت میں سرکل شتیال میں مشترکہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
کھلی کچہری میں علاقے کے تمام طبقہ ہائے فکر، مشران، اور مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر عوام نے اپنے درپیش مسائل بالخصوص انتظامی امور، سیکیورٹی اور بنیادی سہولیات سے متعلق تحفظات اور تجاویز ضلع کی اعلیٰ انتظامیہ کے سامنے رکھیں
ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے شہریوں کے تمام مسائل کو توجہ سے سنا اور متعلقہ شعبہ جات کو متعدد مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوام کے جائز مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
عوام الناس سے اپنے خطاب میں ضلعی سربراہان نے کہا کہ انتظامیہ اور عوام کے درمیان براہِ راست رابطہ مسائل کے شفاف اور جلد حل کا بہترین ذریعہ ہے۔
سرکل شتیال کے غیور اور پرامن شہریوں نے ہمیشہ امن و امان کے قیام میں پولیس اور انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
اپر کوہستان کے غیرت مند اور پرامن لوگوں کے تعاون ہی کی بدولت یہ علاقہ آج تک دہشت گردی کے ناسور سے محفوظ رہا ہے۔ امید ہے کہ عوام آئندہ بھی علاقے کو ہر قسم کی انتہا پسندی سے محفوظ رکھنے میں اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔
پائیدار امن و امان کے بغیر علاقے کی خوشحالی ممکن نہیں۔ پولیس اور عوام کا قدم سے قدم ملا کر چلنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
خطاب کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ اپر کوہستان میں اس وقت قومی اہمیت کے دو بڑے (Mega) پراجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے۔ یہ منصوبے نہ صرف اپر کوہستان بلکہ پورے ملک کی تقدیر بدلنے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔ افسران نے واضح کیا کہ جب تک مقامی آبادی امن و امان قائم رکھنے میں سیکیورٹی فورسز کا ساتھ دیتی رہے گی، یہ خطہ ترقی اور امن کا گہوارہ بنا رہے گا۔
کھلی کچہری کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او طاہر اقبال نے مشترکہ طور پر 'ہربن بھاشہ ڈیم' سائٹ کا دورہ کیا۔
انہوں نے سائٹ پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کی نفی اور حفاظتی تدابیر کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈیم پر کام کرنے والے ملکی و غیر ملکی انجینئرز اور عملے کی سیکیورٹی کو مزید فول پروف بنانے کے لیے ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئیں۔
ترجمان کوہستان اپر پولیس