24/08/2026
چوک سرور شہید: وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے عوامی فلاح اور بہترین انتظامی اقدامات کے ویژن کے مطابق، ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر چوک سرور شہید ملک محمد اقبال نے بارہ ربیع الاول کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوس کے روٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے جامعہ مسجد انوارِ مَصطفٰے سے غلہ منڈی چوک سرور شہید، مین کلمہ چوک اور سبز منڈی تک جلوس کے مکمل روٹ کا معائنہ کیا اور متعلقہ اداروں کو روٹ کی صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے اور دیگر انتظامات کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
دورے کے دوران جلوس کے راستوں پر صفائی ستھرائی، پانی کے کھڑے ہونے والے مقامات، گڑھوں اور سڑکوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ روٹ کو ہر قسم کی رکاوٹ اور تجاوزات سے مکمل طور پر کلیئر رکھا جائے، پانی کی نکاسی کے مسائل فوری حل کیے جائیں اور جلوس کے شرکاء کے لیے راستہ صاف، محفوظ اور سہولت بخش بنایا جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ بارہ ربیع الاول کے مقدس موقع پر صفائی، روشنی، نکاسی آب، تجاوزات کے خاتمے اور امن و امان سمیت تمام انتظامات کو بہترین انداز میں یقینی بنایا جائے تاکہ جلوس کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بارہ ربیع الاول کے موقع پر بہترین انتظامات، شہری سہولت اور پُرامن ماحول کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔