24/02/2026
DWFTL GB
کی رپورٹ پر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی کارروائی، مضر اشیاء پر پابندی عائد
گلگت: ڈرگ اینڈ واٹر/فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری گلگت بلتستان (DWF TL GB) کی رپورٹ کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن نے مختلف اقسام کی غیر معیاری اور مضرِ صحت اشیائے خوردونوش پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ اقدام عوامی صحت کے تحفظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
رپورٹ میں بعض اشیاء کے نمونہ جات مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے کی نشاندہی کی گئی تھی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ اشیاء کی فروخت اور ترسیل روک دی۔ اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ دکانداروں اور سپلائرز کو وارننگ جاری کی گئی ہے اور مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
DWFTL GB گلگت بلتستان میں خوراک کے معیار کی جانچ کے ساتھ ساتھ اس کی بہتری کے لیے بھی بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ لیبارٹری کی ٹیکنیکل ٹیم جدید سائنسی طریقہ کار کے تحت اشیائے خوردونوش کے نمونہ جات کی باقاعدہ ٹیسٹنگ کر رہی ہے تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور ڈی ڈبلیو ایف ایل ٹی ایل جی بی کے مابین قریبی تعاون جاری ہے، اور دونوں ادارے مل کر غیر معیاری اشیاء کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوامی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور مستقبل میں بھی اس قسم کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر معیاری اشیاء کی نشاندہی کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے۔