25/01/2025
ڈوب جائے نہ مری ناؤ , بچا لے مجھ کو
یوں نہ کر درد کی لہروں کے حوالے مجھ کو
میں کسی اجڑی ہوئی شاخ کا ٹوٹا پتا
کوئی روندے یا سمیٹے کہ جلالے مجھ کو
بھول جاؤنگی غم ِ ہجر کی تلخی یکسر
صرف اک بار گلے آ کے لگا لے مجھ کو
ہنس کے ہر درد کے صحرا سے گزر کر آئی
روک پائے نہ یہ رِ ستے ھوئے چھالے مجھ کو
روٹھنے والے تو اب اتنی بھی تاخیر نہ کر
وقت کی گرد ہی نہ تجھ سے چھپا لے مجھ کو
دل کے صحرا کو نہ مل جا ئے برستا بادل
تو کسی زُغم میں کھو دے نہ ، بچا لے مجھ کو
میں اذیت کے کٹہر ے میں ہوں چپ چاپ کھڑی
طعنہ دیتے ہیں زباں پر لگے تالے مجھکو
ایک وعدے میں ہر اک سانس پڑی ھے گروی
کوئی لفظوں کی اذیت سے نکالے مجھ کو
اب نہ کھولوں گی کبھی ضبط کے بندھن مولا
جس کا دل چاہے وہی آکے ستا لے مجھ کو
میری گستاخ مزاجی سے ھے برہم دنیا
کر یہ احسان تو دنیا سے اٹھا لے مجھ کو