07/10/2025
,👍
باہمی احترام ہی سماجی استحکام کی ضمانت ہے ۔ آغا ظفر
ہنزہ (پ ر) سیاسی، سماجی و مذہبی رہنما آغا ظفر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حالات میں معاشرتی ہم آہنگی، باہمی احترام اور سنجیدگی کی فضا برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بعض افراد کی جانب سے جوشِ خطابت میں ایسے غیر ذمہ دارانہ الفاظ استعمال کیے جا رہے ہیں جو معاشرتی استحکام اور بھائی چارے کے جذبے کو متاثر کر سکتے ہیں۔
آغا ظفر نے کہا کہ اختلافِ رائے ہر شہری کا جمہوری حق ہے، تاہم یہ اختلاف ہمیشہ شائستگی، بردباری اور احترام کے دائرے میں رہنا چاہیے۔ زبان کی شائستگی اور کردار کی سنجیدگی ہی مہذب معاشروں کی اصل پہچان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات جو کسی فرد، گروہ یا مسلک کی دل آزاری کا سبب بنیں، ان کی سختی سے مذمت کی جانی چاہیے اور ان سے واضح لاتعلقی کا اظہار ضروری ہے۔
آغا نے مزید کہا کہ گزشتہ روز جناب قاضی نثار احمد پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی پوری گلگت بلتستان کی عوام، بالخصوص قائدِ ملتِ جعفریہ گلگت بلتستان اور انجمن امامیہ گلگت بلتستان کی جانب سے واضح اور دوٹوک الفاظ میں مذمت کی جا چکی ہے۔ اس کے باوجود بعض عناصر کی جانب سے دھرنوں اور احتجاجی اجتماعات میں دل آزاری اور نفرت انگیز تقاریر تشویش ناک ہیں، جن پر فوری طور پر قانونی و انتظامی سطح پر کنٹرول کیا جانا چاہیے تاکہ خطے کے امن و بھائی چارے کو نقصان نہ پہنچے۔
آخر میں مزید نے کہا کہ قومی و سماجی اتحاد کے لیے تمام طبقات کو اپنے الفاظ اور رویوں میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کیونکہ باہمی احترام ہی سماجی استحکام کی اصل ضمانت ہے۔