03/09/2026
اے ڈی بی کے نائب صدر یانگ کی وفاقی وزیرِ ریلوے سے ملاقات؛ ML-1، فنانسنگ اور ریلوے اصلاحات پر تبادلہ خیال
ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے نائب صدر یانگ نے وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی سے وزارتِ ریلوے میں ملاقات کی۔ ملاقات میں کراچی تا روہڑی ML-1 کی اپ گریڈیشن، فنانسنگ، پاکستان ریلوے میں جاری اصلاحات اور مستقبل کی ترقیاتی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ML-1 حکومتِ پاکستان کا قومی ترجیحی منصوبہ ہے اور کراچی تا روہڑی سیکشن کا سنگِ بنیاد رواں مالی سال میں رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ تقریباً 2.5 ارب امریکی ڈالر کی لاگت سے اس سیکشن کو تین سال میں مکمل کرنے کا ہدف ہے، جبکہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق 183 کلومیٹر طویل نوابشاہ تا روہڑی سیکشن کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے گا۔
محمد حنیف عباسی نے ADB سے مرکزی سرمایہ کاری قرض کی منظوری کے عمل کو تیز کرنے کی درخواست کی اور روہڑی تا پشاور ML-1 کے دیگر حصوں کی فنانسنگ کے لیے ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون کو جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ML-1 کی اپ گریڈیشن سے کراچی تا لاہور سفر کا دورانیہ تقریباً 5 گھنٹے کم ہوگا، جبکہ ٹرینوں کی رفتار، مسافروں کی سہولیات، حفاظت، آپریشنل کارکردگی اور فریٹ صلاحیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے ML-1 کو پاکستان ریلوے کے نظام کی شہ رگ قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے پاکستان ریلوے میں جاری اصلاحات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مالی پائیداری، گورننس، آپریشنل کارکردگی، آمدن میں اضافے اور جدید کاری کے لیے اپ گریڈیشن، آؤٹ سورسنگ، ڈیجیٹلائزیشن، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجی سرمایہ کاری پر توجہ دی جا رہی ہے۔ جدید آئی ٹی کے ذریعے ریلوے سروسز کو مزید مؤثر، شفاف اور مسافر دوست بنایا جا رہا ہے، جبکہ مسافر ٹرانسپورٹ کے ساتھ فریٹ آپریشنز کو بھی وسعت دی جا رہی ہے۔
ADB کے نائب صدر یانگ نے پاکستان ریلوے میں جاری اصلاحاتی اقدامات اور وفاقی وزیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ریلوے کی بہتری، جدید کاری اور پائیدار ترقی کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے پاکستان ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری میں ADB کے مسلسل تعاون کو سراہا اور باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔