15/03/2026
🌙 گورنمنٹ کالج جھنگ میں الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے شائننگ اسٹارز بچوں کے اعزاز میں پُروقار تقریب 🌟
گورنمنٹ کالج جھنگ کے شعبہ آئی ٹی کی جانب سے الخدمت فاؤنڈیشن آرفن کیئر پروگرام کے باہمت شائننگ اسٹارز بچوں کے اعزاز میں ایک خوبصورت اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد ان باہمت بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کرنا تھا۔
تقریب میں ڈائریکٹر کالجز پروفیسر نعیم خان لشاری، پرنسپل گورنمنٹ کالج جھنگ پروفیسر مہدی حیات خان، سابق پرنسپل پروفیسر ملاح خان حیدری، چیئرمین شعبہ کمپیوٹر سائنس پروفیسر سلیم رضا شاہ، پروفیسر خرم شہزاد، پروفیسر محمد رضوان سمیت دیگر معزز اساتذہ کرام اور اسٹاف ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہال کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا جس سے تقریب کا ماحول مزید دلکش ہو گیا۔
پروگرام کے دوران بچوں کے لیے پرتکلف افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جبکہ ان کی حوصلہ افزائی کے لیے عیدی اور تحائف بھی پیش کیے گئے۔ اس موقع پر بچوں کے چہروں پر خوشی اور مسکراہٹیں دیدنی تھیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے اس تقریب میں پروفیسر اُسامہ معاذ ہاشمی سکریٹری الخدمت فاؤنڈیشن جھنگ اور طاہر وسیم (پروگرام مینیجر، الخدمت آرفن کیئر پروگرام جھنگ) نے نمائندگی کی۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج جھنگ کے اساتذہ کرام اور شعبہ آئی ٹی کے طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات معاشرے میں ہمدردی، محبت اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں اور بچوں کے دلوں میں امید اور خوشی پیدا کرتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی اور تعلیمی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔