06/08/2026
بہ تسلیمات ریجنل آفیسر انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز کوہاٹ
ہینڈآؤٹ نمبر: 1225 کوہاٹ مورخہ:6اگست 2026 ء
کوہاٹ: صوبائی وزیر قانون کا سیلاب زدہ پایا جواکی کا دورہ، حفاظتی منصوبے کی جلد تکمیل کی ہدایت، جاں بحق ماں بیٹی کے اہلِخانہ سے تعزیت
خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم نے بدھ کے روز قبائلی تحصیل درہ آدم خیل کے سیلاب سے متاثرہ علاقے پایا جواکی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زیرِتعمیر حفاظتی دیوار (پروٹیکشن وال) کا معائنہ کیا اور حالیہ سیلابی ریلے میں جاں بحق ہونے والی ماں اور بیٹی کے اہلِخانہ سے تعزیت کی۔ وزیر قانون نے خانہ وات، شاہ کلی میں زیرِتعمیر پروٹیکشن وال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے منصوبے کی پیشرفت، تعمیراتی معیار اور حفاظتی اقدامات پر بریفنگ لی۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ مقامی آبادی، زرعی اراضی اور بنیادی ڈھانچے کو مستقبل میں ممکنہ سیلابی نقصانات سے محفوظ بنایا جا سکے۔بعد ازاں آفتاب عالم نے پایا جواکی میں حالیہ سیلابی ریلے کے باعث جاں بحق ہونے والی ماں اور بیٹی کے اہلِخانہ سے ملاقات کی، ان سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحومین کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل دے اور انہیں یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔ وزیر قانون نے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن حکومتی امداد اور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرین کی بحالی اور سیلاب سے بچاؤ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔