10/08/2026
سول ڈیفنس ہیڈکوارٹر پنجاب میں جدید بم ڈسپوزل آلات کی نمائش، سیکرٹری داخلہ پنجاب کا دورہ
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس پنجاب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہیڈکوارٹر میں مکمل ہونے والے تزئین و آرائش کے منصوبے کا افتتاح کیا۔
دورے کے دوران سیکرٹری داخلہ نے نئے خریدے گئے جدید بم ڈسپوزل آلات، موبائل سیفٹی وین، ریپڈ ریسپانس EOD بائیک اور دیگر جدید آپریشنل آلات پر مشتمل خصوصی نمائش کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب تسنیم علی خان نے انہیں جدید آلات، آپریشنل استعداد، تکنیکی جدت، پنجاب سول ڈیفنس ریزیلینس کور (PCDRC) کی کارکردگی اور مستقبل کے اہداف سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ پنجاب نے PCDRC رضاکاروں کے کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "PCDRC کا ہر رضاکار ایک ہیرو ہے۔" انہوں نے کہا کہ یہ رضاکار ہنگامی حالات، قدرتی آفات اور عوامی خدمت کے ہر محاذ پر بے لوث جذبے، پیشہ ورانہ مہارت اور بھرپور عزم کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں، جو صوبہ پنجاب کے لیے ایک قابلِ فخر اثاثہ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ حکومت پنجاب سول ڈیفنس اور PCDRC کی استعدادِ کار میں مزید اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
تقریب میں سابق ڈائریکٹر ضیغم نواز (T.I)، ڈپٹی ڈائریکٹر سول ڈیفنس شفقت علی رجوکہ، ڈپٹی ڈائریکٹر (ٹیکنیکل) انجینئر طوبیٰ نور، پبلک ریلیشنز آفیسر صدف خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاہور ریجن سید سکندر علی، پروونشل ریسکیو آفیسر پنجاب وقار اکبر، سول ڈیفنس آفیسر لاہور اشفاق احمد، بم ڈسپوزل کمانڈرز لاہور و شیخوپورہ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔