31/08/2026
سید قمر رضا شاہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر اظہارِ افسوس و یکجہتی
ہوپ آف اوورسیز پاکستانیز کے چیئرمین مہران زیب تارڑ اور تنظیم کے ذمہ داران نے سید قمر رضا شاہ کے ساتھ پاکستان ہائی کمیشن لندن کے باہر پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
سید قمر رضا شاہ نے بالخصوص آزاد کشمیر میں مشکل اور کشیدہ حالات کے دوران ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان رابطے اور معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ اختلافات کے باوجود ان کی ان کوششوں اور کمیونٹی کے لیے خدمات کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
پاکستان ہائی کمیشن لندن سے باہر نکلتے ہوئے کسی شخص کا تعاقب کرنا، چیخ و پکار، تلخ جملوں یا مسلسل اشتعال انگیزی کے ذریعے ماحول کو کشیدہ کرنا ایک نامناسب طرزِ عمل ہے۔ ہوپ آف اوورسیز پاکستانیز ایسے کسی بھی رویے کی مذمت کرتی ہے جو اختلافِ رائے کی حدود سے نکل کر ہراسانی، تضحیک یا کردار کشی کی صورت اختیار کرے۔
اختلافِ رائے ہر شخص کا جمہوری حق ہے اور کسی بھی عوامی یا سماجی شخصیت کے کردار اور فیصلوں پر مہذب انداز میں تنقید کی جا سکتی ہے، لیکن اختلاف کو ذاتی دشمنی، ہراسانی یا اشتعال انگیزی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔
ہوپ آف اوورسیز پاکستانیز سمجھتی ہے کہ ہمیں واقعات اور شخصیات کے بارے میں رائے قائم کرتے ہوئے جذبات کے بجائے انصاف، دیانت اور مکمل حقائق کو سامنے رکھنا چاہیے۔ معاشرے اور کمیونٹی کا مفاد اسی میں ہے کہ اختلافات کو باہمی احترام، برداشت اور مکالمے کے ذریعے حل کیا جائے۔
ہوپ آف اوورسیز پاکستانیز سید قمر رضا شاہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتی ہے اور تمام حلقوں سے اپیل کرتی ہے کہ اختلافِ رائے کے باوجود احترام، شائستگی اور برداشت کی حدود کو ملحوظ رکھا جائے۔
مہران زیب تارڑ
چیئرمین
ہوپ آف اوورسیز پاکستانیز (HOOP)