15/09/2026
مظفرآباد(پی آئی ڈی) 15 ستمبر 2026ء
وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کا دارالحکومت مظفرآباد میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے مستقل حل کیلئے بڑے ٹرانسپورٹ اڈوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے، نئے لاری اڈے کیلئے مجوزہ سائٹس کا فوری وزٹ کرکے رپورٹ پیش کرنے، مختص مقامات کے علاوہ شہر میں قائم تمام غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈے ختم کرنے، سبزی منڈی کو مختص جگہ پر منتقل کرنے اور شہر کی سڑکوں کو فزیبلٹی دیکھتے ہوئے کشادہ کرنے کا حکم۔ وزیراعظم نے شہر کے تمام انٹری پوائنٹس کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے، نیلم پارک اور ٹاہلی منڈی کی جدید ڈیزائننگ کر تزئین و آرائش کیلئے جامع پلان تیار کرنے کی بھی ہدایت۔ اس سلسلہ میں وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت دارالحکومت مظفرآباد میں ٹریفک مینجمنٹ اینڈ پبلک ٹرانسپورٹ ری لوکیشن پلان کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مظفرآباد شہر میں ٹریفک کے مسائل، پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام، ٹرانسپورٹ اڈوں کی منتقلی، سڑکوں کی کشادگی، سبزی منڈی کی منتقلی اور شہر کی خوبصورتی و تزئین و آرائش سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر مظفرآباد بدر منیر نے وزیراعظم آزادکشمیر کو مجوزہ ٹریفک مینجمنٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ ری لوکیشن پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔پرنسپل سیکرٹری سردار عدنان خورشید اور سیکرٹری ورکس محمد نعیم بسمل، ڈی آئی جی شہریار سکندر، صدر ٹرانسپورٹ یونین خواجہ اعظم رسول، ڈپٹی کمشنر منیر قریشی، ایس ایس پی ریاض مغل سمیت دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شہریوں کو روزانہ ٹریفک جام اور غیر منظم ٹرانسپورٹ کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کا مستقل حل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے مسئلے کا عارضی نہیں بلکہ مستقل حل کیا جائے۔ ٹرانسپورٹ اڈوں کو شہر کے گنجان علاقوں سے باہر منتقل کرنے کیلئے مجوزہ مقامات کا دورہ کرکے جائزہ لیکر کام شروع کیا جائے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ لاری اڈے کیلئے تجویز کردہ تمام سائٹس کا متعلقہ حکام خود موقع پر جا کر معائنہ کریں اور زمین کی دستیابی، ٹریفک کی روانی، مستقبل کی ضروریات اور دیگر تکنیکی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے لاری اڈے کا انتخاب صرف موجودہ ضروریات کو مدنظر رکھ کر نہیں بلکہ آئندہ کئی برسوں کی بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے۔افتخار گیلانی نے ہدایت کی کہ شہر میں مختص کردہ مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈے قائم نہیں رہنے دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے نظام میں بہتری کیلئے سڑکوں کی کشادگی اور متبادل روٹس کا بھی جائزہ لیا جائے۔ اس مقصد کیلئے باقاعدہ فزیبلٹی رپورٹ تیار کی جائے۔ وزیراعظم نے سبزی منڈی کے حوالے سے بھی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سبزی منڈی کو مختص کردہ جگہ پر منتقل کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اس حوالے سے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے اور تمام ضروری سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے شہر کے داخلی راستوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد کے انٹری پوائنٹس شہر کا پہلا تعارف ہیں، اس لیے انہیں صاف، خوبصورت، منظم اور دیدہ زیب بنایا جائے۔ داخلی راستوں پر صفائی، شجرکاری، لینڈ سکیپنگ اور مناسب سائن بورڈز سمیت دیگر ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ شہر میں داخل ہونے والے شہریوں اور سیاحوں کو اچھا اور خوشگوار تاثر ملے۔