11/03/2026
محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے چیف پلاننگ آفیسر (بی پی ایس۔20) جناب جاوید خان طویل اور شاندار سرکاری خدمات انجام دینے کے بعد آج باضابطہ طور پر ریٹائر ہو گئے۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے زیر اہتمام ایک سادہ مگر باوقار تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمان اور سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان سمیت محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران وزیر صحت خلیق الرحمان نے جاوید خان کی محکمہ صحت کے لیے گرانقدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور محنت کے ذریعے صحت کے شعبے میں کئی اہم اور بڑے ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی محنت اور بصیرت کی بدولت محکمہ صحت میں متعدد میگا پراجیکٹس کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد ممکن ہوا جس سے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملی۔
سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان نے بھی جاوید خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک قابل، محنتی اور تجربہ کار افسر رہے ہیں جنہوں نے اپنی پوری پیشہ ورانہ زندگی محکمہ صحت کی ترقی اور بہتری کے لیے وقف کیے رکھی۔
اس موقع پر وزیر صحت خلیق الرحمان اور سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان نے جاوید خان کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی۔ وزیر صحت نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ جاوید خان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے جاوید خان کے روشن مستقبل، صحت مند اور خوشحال زندگی کے لیے دعا بھی کی۔