18/08/2026
عمران خان کو دو دن کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم — سپریم کورٹ نے اہم احکامات جاری کر دیے
سپریم کورٹ آف پاکستان نے عمران خان کی صحت اور جیل میں طبی سہولیات سے متعلق کیس میں اہم عبوری احکامات جاری کیے ہیں۔ عدالت کے سامنے پیش کیے گئے طبی ریکارڈ کے خلاصے سے بادی النظر میں عمران خان کی صحت میں خرابی ظاہر ہوئی، جس کے بعد عدالت نے ان کے طبی معائنے اور علاج کے لیے خصوصی انتظامات کا حکم دیا۔
سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ ریاست اور عدالت کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے کہ زیرِ حراست افراد کی زندگی، صحت، عزت اور تحفظ یقینی بنایا جائے۔ کوئی شخص جیل میں ہونے کی وجہ سے انسانی سلوک اور ضروری طبی علاج کے حق سے محروم نہیں ہو جاتا۔
عدالت کے اہم احکامات:
• عمران خان کو اگلے دو دن کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کیا جائے۔
• ہسپتال میں ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے جس میں فزیشن، جنرل سرجن، انٹرنل میڈیسن اسپیشلسٹ، ماہرِ امراضِ چشم اور کارڈیالوجسٹ شامل ہوں۔
• ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کو عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کے عمل میں شامل رہنے کی اجازت ہوگی۔
• حکومت عمران خان کی گرفتاری سے اب تک کا مکمل میڈیکل ریکارڈ عدالت میں پیش کرے گی، جس میں تمام ٹیسٹ، رپورٹس، نسخے، ڈاکٹروں کی آراء اور علاج کی تفصیلات شامل ہوں گی۔
• عمران خان کی خاندان کے افراد سے ہفتے میں ایک مرتبہ ملاقات کروائی جائے گی۔
• انہیں اپنے بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ ٹیلی فون پر بات کرنے کی سہولت دی جائے گی۔
• شفا انٹرنیشنل میں علاج کے اخراجات عمران خان یا ان کے خاندان کو برداشت کرنا ہوں گے۔
• اگلی سماعت تک عمران خان کے خاندان، سیاسی جماعت کے ارکان اور وکلاء کو ان کی صحت یا میڈیکل رپورٹس میڈیا یا عوام کے ساتھ شیئر کرنے سے منع کیا گیا ہے۔
• عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ صحت یا میڈیکل رپورٹس کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا اور شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے احاطے میں کوئی عوامی اجتماع نہیں ہوگا۔
شفا انٹرنیشنل میں ہونے والے معائنے اور علاج کی مکمل رپورٹس سپریم کورٹ میں پیش کی جائیں گی۔
کیس کی اگلی سماعت 16 ستمبر 2026 کو ہوگی۔