03/09/2026
مردان (3 ستمبر 2026) زرعی پیداوار میں نقصان دہ کیڑوں کے مؤثر اور ماحول دوست تدارک کے لیے مربوط انسدادِ حشرات (Integrated Pest Management - IPM) کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسی مقصد کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف آؤٹ ریچ، زرعی تحقیق خیبر پختونخوا، پشاور کے زیر اہتمام ضلع مردان کے گنا کاشتکاروں کے لیے شوگر کراپس ریسرچ انسٹیٹیوٹ مردان میں "Integrated Pest Managemen in Sugar Crops" کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں کاشتکاروں کو جدید تحقیق، عملی رہنمائی اور مفید سفارشات سے آگاہ کیا گیا۔
ٹریننگ کا آغاز سینئر ریسرچ آفیسر جناب محمد اسماعیل صاحب کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔
بعد ازاں ڈاکٹر حنیف صدیقی صاحب (ڈپٹی ڈائریکٹر آؤٹ ریچ) نے شرکاء کو تربیتی پروگرام کے اغراض و مقاصد، اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔
اس کے بعد ڈائریکٹر شوگر کراپس ریسرچ انسٹیٹیوٹ مردان، ڈاکٹر مشتاق احمد صاحب نے معزز مہمانوں، ماہرین اور کاشتکاروں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اپنے افتتاحی خطاب میں ادارے میں جاری تحقیقی سرگرمیوں، گنے کی جدید اقسام، بیماریوں اور کیڑوں کے تدارک کے لیے ہونے والی تحقیق اور کاشتکاروں تک جدید زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
بعد ازاں سینئر ڈائریکٹر آؤٹ ریچ، ڈاکٹر گلزار احمد صاحب نے پروجیکٹ کے اغراض و مقاصد، کسانوں کی استعداد کار بڑھانے کی اہمیت، جدید زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مربوط انسدادِ حشرات (IPM) کی افادیت پر جامع گفتگو کی۔
جناب تنظیم اللہ خان صاحب، سینئر ریسرچ آفیسر نے Integrated Pest Management (IPM) کے اصول، حیاتیاتی، میکانیکی اور کیمیائی طریقہ انسداد، مفید کیڑوں کے تحفظ اور محفوظ زرعی پیداوار کے حوالے سے تفصیلی لیکچر دیا۔
اس کے بعد جناب عبدالحق صاحب ریسرچ آفیسر/فارم مینجر نے گنے کی فصل کے نقصان دہ سنڈیوں کی پہچان، ان کے حیاتیاتی چکر، فصل کو پہنچنے والے نقصانات اور بروقت و مؤثر تدارک کے مختلف طریقوں پر جامع لیکچر دی۔ انہوں نے کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ نقصان کی معاشی حد کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی زہروں کا محتاط استعمال کریں تاکہ ماحول اور انسانی صحت محفوظ رہ سکے۔
ٹریننگ کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے گئے اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی تربیتی سرگرمیوں کے ذریعے جدید زرعی ٹیکنالوجی اور تحقیق کے نتائج کاشتکاروں تک منتقل کیے جاتے رہیں گے تاکہ گنے کی پیداوار میں اضافہ، پیداواری لاگت میں کمی اور ماحول دوست کاشتکاری کو فروغ دیا جا سکے۔ اس ایک روزہ تربیتی پروگرام کے انتظامی امور جناب عمران خان صاحب (اسسٹنٹ ڈائریکٹر آوٹ ریچ) نے انجام دیے
(رپورٹ: آجمیرخان)
Sugar Crops Research Institute, Mardan, KP, Pakistan