26/05/2026
کمشنر پشاور ڈویژن پشاور جناب ریاض خان محسود کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں عید الاضحٰی کی آمد کے پیش نظر ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) پشاور نے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
اسی سلسلے میں سیکریٹری RTA پشاور جناب ابرار احمد وزیر کی نگرانی میں اسسٹنٹ سیکریٹری RTA نے اپنے عملے کے ہمراہ پشاور کے مختلف بی، سی اور ڈی کلاس بس اسٹینڈز کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران مسافروں کی سہولیات، حکومتی کرایہ نامہ پر عملدرآمد اور گاڑیوں کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔
حالیہ دنوں میں LPG کی قیمت میں 28 فیصد اضافے کے باوجود کمشنر پشاور ڈویژن کی ہدایات پر RTA پشاور نے کرایوں کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں تاکہ عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔
مزید برآں، ڈی کلاس بس اسٹینڈز میں مسافروں کو درپیش مسائل کے حل اور سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ تمام بس اسٹینڈز پر گاڑیوں کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ عید کے موقع پر مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی پشاور عوام کو بہتر، محفوظ اور بروقت سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں اقدامات جاری رہیں گے۔