26/06/2026
سینئر کی جونیئر کو عمدہ نصیحت
"بیٹا! میچ کے بعد تم جب واپس ہوٹل جاؤ تو وضو کر کے دو رکعت نماز پڑھو اور پھر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرو۔"
کل مراکش اور ہیٹی کا میچ تھا۔ جس کے دوسرے راؤنڈ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر سب سے کم عمر نوجوان جسیم یاسین کو میدان میں اتارا گیا۔ اس کی قسمت کا ستارہ چمک اٹھا۔ وہ ورلڈ کپ کے اپنے پہلے ہی میچ میں مراکش کی طرف سے اس میگا ایونٹ میں گول کرنے والا کم عمر ترین کھلاڑی بن گیا۔ 20 سال کی عمر میں جسیم نے میچ کے 89ویں منٹ میں سفیان رحیمی کی پاس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مراکش کا چوتھا گول اسکور کیا اور "اسود اطلس" (مراکشی ٹیم) کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔ اس گول کے ساتھ ہی اس نے وہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا جو اس سے پہلے اسٹرائیکر یوسف النصیری کے پاس تھا۔
اس گول کے بعد مراکش کے نامور کھلاڑی اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹار نصیر مزراوی نے اسے مذکورہ نصیحت کی۔ جس کے مناظر سوشل میڈیا میں وائرل ہوگئے۔ صارفین نے مزراوی کی اس نصیحت کو عاجزی، شکر گزاری اور اسلامی اقدار کی عمدہ مثال قرار دیا۔ بہت سے مبصرین نے اس بات کو سراہا کہ کامیابی کے موقع پر شہرت اور تعریفوں کے بجائے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کی تلقین کی گئی، جو مسلمان کھلاڑیوں کی دینی وابستگی اور تربیت کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ بھی واضح رہے کہ نصیر مزراوی ہالینڈ میں پیدا ہوئے اور وہیں پلے بڑھے ہیں۔ مگر اس کے باوجود دین سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ حال ہی میں ان کا انٹرویو وائرل ہوا ہے۔ جس میں ان کا کہنا تھا کہ یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہے۔ اس کے بعد میں اپنی باقی ماندہ زندگی قرآن کریم حفظ اور دینی تعلیم حاصل کرنے کے لیے وقف کرنا چاہتا ہوں۔ وہ کئی یورپی کلبوں کے بعد 2024ء سے نامور انگلش کلپ مانچسٹر یونائیٹڈ سے وابستہ ہیں اور مختلف دفاعی پوزیشنوں پر بہت عمدگی سے کھیلتے ہیں۔ ان کی مارکیٹ ویلیو 18 ملین یورو ہے۔