06/09/2026
ضلعی کونسل اجلاس
نیشنل پارٹی خضدار
6 ستمبر 2026
اجلاس بیاد مرحوم کونسلر میر امید خان محمد حسنی کی یاد میں منعقد ہوا۔
نیشنل پارٹی خضدار کا ضلعی کونسل اجلاس زیر صدارت ضلعی صدر رئیس بشیر احمد مینگل خضدار پریس کلب میں مرحوم کونسلر میر امید خان محمد حسنی کی یاد میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے مہمانِ خصوصی نیشنل پارٹی کے صوبائی فنانس سیکریٹری میر اشرف علی مینگل جبکہ اعزازی مہمانوں میں ریجنل سیکریٹری ایڈوکیٹ عبدالحمید بلوچ ، بی ایس او پجار کے صوبائی صدر شکیل بلوچ اور سابقہ میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد شامل تھے۔
اجلاس سے صوبائی فنانس سیکرٹری میراشرف علی مینگل،ضلعی صدر رئیس بشیر احمد مینگل،ریجنل سیکرٹری ایڈوکیٹ عبدالحمید بلوچ،سابقہ میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد،بی ایس او پجار کے صوبائی صدر شکیل بلوچ،چیئرمین امین بلوچ،تحصیل نال کے صدر میر طیب بزنجو،اسپورٹس یوتھ سیکرٹری خورشید رند،تحصیل جنرل سیکرٹری کریم بلوچ،عبدالواہاب غلامانی،محمد وارث شاہین،فیض احمد عمرانی،ریاض شاہوانی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی عوام کو منظم کرنے اور ان کے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے ہمیشہ عوام کے درمیان رہ کر سیاسی، پرامن اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔
مقررین نے کہا کہ بلوچستان کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہوتی جا رہی ہے، جہاں عوام کے مسائل اور مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ خوراک اور کھاد کی ترسیل میں رکاوٹ، شاہراہوں پر عام مسافروں کے لیے عدم تحفظ، معاشی سرگرمیوں میں کمی اور تجارت، تعلیم و صحت کے شعبوں پر منفی اثرات نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے نازک حالات میں حکومت کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے عوام کو ریلیف اور تحفظ فراہم کرنا چاہیے، مگر اس کے برعکس بعض ایسے اقدامات اور فیصلے کیے جا رہے ہیں جن سے عوام میں بے چینی، پریشانی اور اضطراب مزید بڑھ رہا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ عوامی مسائل کو سنجیدگی سے حل کرے اور بلوچستان میں امن، سیاسی استحکام اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے۔
مقررین نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات کے باوجود نیشنل پارٹی کی تمام سطح کی قیادت اور کارکنان اپنی قومی و وطنی ذمہ داریوں کو نبھانے کے لیے مسلسل سیاسی و جمہوری جدوجہد میں مصروف ہیں۔ پارٹی عوام کے حقوق، جمہوری اقدار، آئین کی بالادستی، سیاسی آزادی اور بلوچستان کے عوام کی خوشحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
اس سے قبل ضلعی کونسل کے اجلاس میں ضلعی جنرل سیکریٹری ناصر کمال بلوچ نے تفصیلی ضلعی سیکریٹری رپورٹ پیش کی، جس میں ضلعی تنظیمی سرگرمیوں، سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔
بعد ازاں مختلف تحصیلوں کے نمائندگان نے اپنی اپنی تحصیلی سیکریٹری رپورٹس پیش کیں۔ اس سلسلے میں تحصیل کرخ کے صدر ماچھی خان، تحصیل نال کے نائب صدر محمد اشرف ساسولی، تحصیل اورناچ کے صدر ثناء اللہ عمرانی، تحصیل باغبانہ کے ڈپٹی آرگنائزر ظفر جان خدرانی، تحصیل مولہ کے ڈپٹی آرگنائزر عبدالمجید زنگیجو اور سٹی خضدار کے جنرل سیکریٹری کریم بلوچ نے اپنی تحصیلوں کی تنظیمی کارکردگی اور سرگرمیوں سے متعلق رپورٹس پیش کیں۔
ضلع کونسل اجلاس نے درج ذیل قراردادیں متفقہ رائے سے منظور کیں۔
1- آج کا اجلاس ضلع خضدار میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت عوام کی جان و مال، عزت آبرو کے تحفظ کو یقینی بنائے، بلا تفریق مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
2- ضلع خضدار کے مختلف محکموں میں ملازمتوں کی تقرری بندر بانٹ، من پسندی، میرٹ کی پامالی پر تحفظات کا اظہار کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ حق داروں کو ملازمتیں ملنی چاہئیں اور میرٹ کو لاگو کیا جائے۔
3- آج کا اجلاس مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت کی طرف سے یوریا اور کھاد کی بندش کے فیصلے کو واپس لیا جائے اور پارٹی زمینداروں کی مطالبات کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔
4- آج کا اجلاس شہری خدمات کے اداروں، صحت عامہ کے شعبہ جات اور تعلیمی اداروں کو بہتر بنانے اور میڈیکل کالج کی تکمیل شہریوں کی عدم سہولیات فراہمی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ عوام کو صحت عامہ اور بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس کے اختتام پر مرحوم کونسلر میر امید خان محمد حسنی کے ایصالِ ثواب اور مغفرت کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔