29/08/2026
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا ڈاکٹر فورم کا جنرل باڈی اجلاس سیکرٹری ڈاکٹرصمد پانیزئی کی صدارت میں ہوا۔
اجلاس میں تنظیمی رپورٹ پیش کی گئی۔ اور رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔آئندہ لاعمل کیلئے تنظیمی فعالیت پر بحث ہوئی اور تنظیم کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے تجاویز پیش کی گئی۔
اجلاس میں بولان میڈیکل کالج کی انتظامیہ کی جانب سے پی ایس او بی ایم سی یونٹ کے سیکرٹری سمیع اللہ کاکڑ کو جاری کیے گئے شوکاز نوٹس پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ فورم نے اس اقدام کو انتہائی افسوسناک، غیر مناسب اور طلبہ کے نمائندہ آواز کو دبانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کالج انتظامیہ فوری طور پر مذکورہ نوٹس پر نظرِ ثانی کرے اور طلبہ کے نمائندہ پلیٹ فارمز کے ساتھ تصادم کے بجائے مثبت اور تعمیری رویہ اختیار کرے۔
اجلاس کے دوران سمیع اللہ کاکڑ نے بولان میڈیکل کالج کے طلبہ کو درپیش مختلف مسائل، انتظامی رکاوٹوں اور ان مشکلات سے فورم کو آگاہ کیا جن کا سامنا طلبہ کو روزمرہ بنیادوں پر کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ کے مسائل کو سننے اور حل کرنے کے لیے انتظامیہ اور طلبہ نمائندگان کے درمیان بامعنی رابطہ ضروری ہے۔
پی کے نیپ ڈاکٹر فورم نے طلبہ کے مسائل اور ان کی نمائندگی کے حق کی حمایت کرتے ہوئے درج ذیل مطالبات پیش کیے:
1۔ بی ایم سی انتظامیہ پی ایس او بی ایم سی یونٹ کے سیکرٹری سمیع اللہ کاکڑ کو جاری کیے گئے شوکاز نوٹس پر فوری نظرِ ثانی کرے اور اسے واپس لینے کے لیے مثبت اقدام کرے۔
2۔ بی ایم سی انتظامیہ کالج کے اہم اور بنیادی فیصلوں میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز، بالخصوص طلبہ نمائندگان، کو اعتماد میں لے تاکہ یکطرفہ فیصلوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے بچا جا سکے۔
3۔ بی ایم سی انتظامیہ طلبہ کی سیاسی و تنظیمی سرگرمیوں کے لیے ایک مثبت اور باوقار ماحول فراہم کرے اور طلبہ سیاست کو مسائل کے حل، نمائندگی اور جمہوری مکالمے کے ذریعے آگے بڑھنے کا موقع دیا جائے۔
آخر میں ڈاکٹر صمد پانیزئی نے کہا کہ طلبہ کے جائز مسائل کی نشاندہی کرنا اور ان کے حل کے لیے آواز اٹھانا طلبہ نمائندگان کا بنیادی حق اور ذمہ داری ہے۔ انتظامیہ کو چاہیے کہ اختلافِ رائے کو دبانے کے بجائے مذاکرات، مشاورت اور باہمی احترام کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ بی ایم سی انتظامیہ صورتحال کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے شوکاز نوٹس پر نظرِ ثانی کرے گی اور طلبہ، انتظامیہ اور نمائندہ تنظیموں کے درمیان بہتر روابط کے لیے عملی اقدامات اٹھائے گی۔
ڈاکٹر صمد پانیزئی نے کہا کہ پی کے نیپ ڈاکٹر فورم اپنے جونیئر ساتھیوں اور پی ایس او یونٹ کے ساتھیوں کے ساتھ ہر موڑ اور ہر فورم پر مضبوطی سے کھڑا رہے گا اور ان کے حقوق کا ہر سطح پر دفاع کیا جائے گا۔