17/12/2024
ضلع میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ(پی آئی ٹی بی) کے حکومت پنجاب کیلئے وضع کردہ جدید ای خدمت مرکز کا آغاز کر دیا گیا،صادق کینال نزد رینجرز پبلک سکول خانپور اڈا ای خدمت مرکز عمارت میں شہریوں کو ایک ہی چھت تلے 18 مختلف صوبائی و وفاقی محکموں سے متعلق 160 سے زائد خدمات فراہم کی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے ڈی جی ڈیجیٹل سروسز پنجاب محمد وسیم بھٹی کے ہمرا ہ ”ای خدمت مرکز“ میں ابتدائی طور پر عوام الناس کے لئے سروسز کا آغاز کیا۔اس موقع پرڈائریکٹر اپریشن عقیل خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) قندیل فاطمہ میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا، ایکسین بلڈنگ محمد نعمان سلمان، انچارج ای خدمت مرکز ثاقب چغتائی سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے کہا کہ”ای خدمت مرکز“ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا اہلیان ضلع رحیم یار خان کے لئے تحفہ ہے جس میں ون ونڈو آپریشن کے تحت ڈومیسائل، کریکٹر سرٹیفکیٹ، ای سٹیمپ پیپر کا اجراء، فرد کا اجراء، پوسٹ آفس، نادرا ای سہولت سمیت 18وفاقی اور صوبائی محکموں کی160سے زائد سہولیات میسر ہوں گی۔ ای خدمت مراکز کے قیام سے ضلعی حکومت کے دفاتر پر بوجھ کم ہوگا اور شہریوں کو تیز ترین سرکاری خدمات ملنے سے شہریوں کے وقت کی بچت ہو گی اور انہیں مختلف سرکاری دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔ڈائریکٹر جنرل ڈیجیٹل سروسز پنجاب محمد وسیم بھٹی نے کہا کہ ”ای خدمت مرکز“ میں 18وفاق اور صوبائی محکموں سے متعلق160مختلف سروسز فراہم کی جائیں گی اور 2500سے زائد افراد روزانہ اس مرکز پر سہولیات سے مستفید ہو سکتے ہیں جبکہ ایک وقت میں 50سے زائد افراد کو سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے ڈی جی ڈیجیٹل سروسزودیگر کے ہمراہ ”ای خدمت مرکز“ کی عمارت میں پودا بھی لگایا۔