01/03/2026
پونچھ راولاکوٹ
موجودہ ملکی صورتِ حال کے پیشِ نظر اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل کی ہدایت پر ریسکیو 1122 آزاد کشمیر سمیت تمام افسران و ملازمین کی چھٹیوں پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
جاری کردہ احکامات کے مطابق تمام افسران و اہلکاران کو ہمہ وقت الرٹ رہنے، اپنی حاضری کو یقینی بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جملہ ضروری سامان، مشینری اور گاڑیوں کو مکمل طور پر فعال اور تیار حالت میں رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
مزید برآں، ضلعی و تحصیل سطح پر قائم کنٹرول رومز کو مکمل طور پر فعال رکھنے، ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو فوری نقل و حرکت کے لیے تیار رکھنے اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور بروقت اطلاعات کے تبادلے کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
اس موقع پر ریسکیو آفیسر ضلع پونچھ، جمیل حمید نے اپنے بیان میں کہا کہ:
“ریسکیو 1122 ضلع پونچھ کا تمام عملہ مکمل طور پر الرٹ ہے۔ کنٹرول رومز فعال ہیں اور ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ عوام الناس سے گزارش ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور تمام ادارے باہمی تعاون کے ساتھ ہر ممکن صورتحال کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔