06/06/2024
نیلی بار ریجنل نیٹ ورک اوکاڑہ کی سول سوسائٹی اور طلباء وطالبات مطالبہ کرتے ہیں کہ پنجاب میں فوری طور پر لوکل گورنمنٹ الیکشن کروائے جائیں۔
غلام مرتضیٰ قادری،صدر، اے ایم ویلفیئر سوسائٹی ضلع اوکاڑہ و کنوینر نیلی بار ریجنل نیٹ ورک
نیلی بار ریجنل نیٹ ورک اور ممبر تنظیم اےایم ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے طلباء وطالبات اور اوکاڑہ کی سول سوسائٹی نے مطالبہ کیا کہ پنجاب میں لوکل گورنمنٹ کے انتخابات ابھی تک نہیں کروائے گئے ۔ مختلف وجوہات کی بنا پر 2017ءکے بعد منتخب مقامی حکومتوں کی عدم موجودگی کے باعث تشویش رہی ہے۔
٭.... افسوس کا مقام ہے آئین کی قدغن کے باوجود اور پھر ملک کے تینوں صوبوں میں منتخب حکومتوں کے تسلسل کی موجودگی میں پنجاب اس سے محروم چلا آرہا ہے ۔
منتخب مقامی حکومتوں کی عدم موجودگی میں مختلف ترقیاتی اور فلاحی کاموں کا بہتر اطلاق نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ نہ تو مقامی ضروریات کی فوقیت یا ترجیح طے کی جا سکتی ہے اور نہ ہی عملدرآمد میں شہریوں کی شراکت یا اونر شپ تفویض کی جاسکتی ہے اور نہ ہی اکاﺅنٹیبلیٹی اور جوابدہی کی شکل موجود ہوتی ہے اور پھر ہمارے ملک کی ریاستی پالیسی کے بنیادی اصولوں میں درج ہے کہ ہمارے ملک میں مقامی حکومتیں ہوں گی، جس میں علاقے کے منتخب نمائندے ہوں گے اور ان نمائندوں میں عورتوں اور محنت کشوں کی نمائندگی بھی یقینی بنائی جاسکے گی۔ گزشتہ سالوں میں ملک کی اعلیٰ عدلیہ نے آئین کے آرٹیکل 7 کی مزید تشریح کی ہے کہ وفاق اور صوبوں کے بعد لوکل باڈیز سے مراد مقامی حکومتیں ہیں اور پھر آئین کا آرٹیکل 140-A صوبائی حکومتوں کو پابند کرتا ہے کہ وہ ایسے قانون کے مطابق مقامی حکومتیں قائم کریں اور انہیں انتظامی، مالیاتی اور سیاسی اختیارات منتقل کریں۔ اتنے واضح آئینی پابندیوں کے باوجود پنجاب میں منتخب مقامی حکومتوں کی عدم موجودگی اور انتخابات میں مسلسل تاخیر باعث تشویش ہے۔
٭.... ہم پنجاب کی سول سوسائٹی مقامی گورنینس کی اس کیفیت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں۔
کہ پنجاب میں فوری طور پر مقامی حکومتوں کے انتخابات کروائے جائیں ۔