04/10/2024
کمبیرج سنٹرل مسجد ( Cambridge Central Mosque) دیکھنے کا اتفاق ہوا جو کہ برطانیہ کے شہر کمبیرج میں واقع ہے۔ یہ مسجد نہ صرف عبادات کے لیے ہے بلکہ اس کی تعمیر میں ماحولیاتی استحکام اور اسلامی فن تعمیر کو بہت اہمیت دی گئی ہے۔ کمبیرج سنٹرل مسجد کا تصور 2008 میں سامنے آیا، جب کمبیرج میں مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے ایک بڑی اور جدید مسجد کی ضرورت محسوس کی گئی۔ کمبیرج یونیورسٹی سے منسلک پروفیسر عبدالحکیم مراد نے اس منصوبے کو آگے بڑھایا۔ مسجد کا باضابطہ افتتاح 2019 میں کیا گیا۔
یہ مسجد برطانیہ کی پہلی ایکو-مسجد (Eco Mosque) ہے۔ اس کا ڈیزائن اور تعمیر ماحول دوست اور توانائی کی بچت کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔ مسجد کی تعمیر میں قابل تجدید توانائی، بارش کے پانی کو دوبارہ استعمال کرنے کے نظام، اور کم توانائی خرچ کرنے والے وسائل کا استعمال کیا گیا ہے۔ اسے “زیرو-کاربن” عمارت کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے، جو توانائی کے ضیاع کو کم سے کم کرتا ہے۔مسجد کو ماحولیاتی اور تعمیری ڈیزائن کی بنا پر کئی قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا گیا ہے، جن میں برطانوی ادارے بھی شامل ہیں جو ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار تعمیرات کو فروغ دیتے ہیں۔
کمبیرج سنٹرل مسجد کا فن تعمیر اسلامی اور برطانوی دونوں طرزوں کا حسین امتزاج ہے۔ مسجد کی داخلی جگہوں میں خوبصورت لکڑی کے ستون استعمال کیے گئے ہیں جو درختوں کا تصور دیتے ہیں اور یہ قدرتی خوبصورتی اور اسلامی روحانیات کی علامت ہیں۔ مسجد کی عمارت میں قدرتی روشنی کا بھرپور استعمال کیا گیا ہے۔
مسجد کے مرکزی ہال میں تقریباً 1000 نمازیوں کی گنجائش موجود ہے۔ اس کے علاوہ ایک کمیونٹی سینٹر، لائبریری، کلاس رومز اور بچوں کے کھیلنے کی جگہ بھی موجود ہے۔مسجد کے ساتھ ایک خوبصورت گارڈن ہے جو سکون اور روحانیت کے احساس کو مزید بڑھاتا ہے۔ کمبیرج سنٹرل مسجد نہ صرف مسلمانوں کے لیے عبادت کا مقام ہے بلکہ یہ مختلف کمیونٹی ایونٹس، تعلیمی سیمینارز، اور سماجی تقریبات کا مرکز بھی ہے۔ اس مسجد کے قیام سے مسلمانوں اور غیر مسلموں کے درمیان ہم آہنگی اور دوستی کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
مسجد کی تعمیر کی لاگت تقریباً 23 ملین پاؤنڈ تھی۔ اس فنڈنگ میں زیادہ حصہ قطر کی حکومت اور دیگر عالمی اسلامی اداروں نے دیا، جب کہ باقی مقامی مسلم کمیونٹیز نے اس میں تعاون کیا۔ آپ جب کبھی بھی کمبیرج جائیں تو اس خوبصورت مسجد کا لازمی وزٹ کریں۔