03/06/2026
ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی مشاورت، عوام پاکستان پارٹی رہنماؤں کی شاہد خاقان عباسی سے ملاقات
اسلام آباد: عوام پاکستان پارٹی کے مرکزی اور صوبائی رہنماؤں کے ایک وفد نے پارٹی کے کنوینر شاہد خاقان عباسی کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی، جہاں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سماجی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں عوام پاکستان پارٹی کے مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ظفر مرزا، مرکزی نائب صدر ڈاکٹر طارق چیمہ، مرکزی نائب صدر فاطمہ عاطف، عمران شوکت، حافظ عبدالرحمٰن، مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری حافظ عثمان عباسی، مرکزی جوائنٹ سیکریٹری امتیاز میمن، سندھ کے صوبائی کنوینر سردار انور سومرو، عمار سومرو اور سہیل میمن شریک تھے۔ اس موقع پر شرکاء نے ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور عوامی مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور موجودہ حالات میں عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد نے عوام پاکستان پارٹی کے تنظیمی امور، عوامی رابطہ مہم اور ملک بھر میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ شاہد خاقان عباسی نے وفد کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی یکجہتی، جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ رابطے مزید مضبوط بنائیں اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں ملکی حالات، پارٹی امور اور مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے مختلف اہم امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام پاکستان پارٹی عوامی خدمت، جمہوری استحکام اور قومی ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
Following Waqas Ali Arain Imtiaz Memon Anwar Soomro Awaam Pakistan Miftah Ismail Suhail Memon Soomro Nizam Foolio