31/08/2026
سوات موٹروے پر ٹول ٹیکس میں 20 فیصد اضافے کی تجویز مسترد
صوبائی کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں سوات موٹروے کے ٹول پلازوں پر ٹول ٹیکس میں 20 فیصد اضافے کی تجویز شامل کی گئی تھی۔ تاہم صوبائی وزیر ہاؤسنگ خیبرپختونخوا ڈاکٹر امجد علی نے اس تجویز کی سخت مخالفت کرتے ہوئے واضح مؤقف اختیار کیا کہ سوات سمیت ملاکنڈ ریجن کے عوام پہلے ہی قدرتی آفات، سیلاب اور دیگر مشکلات سے شدید متاثر ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے عوام ابھی تک ان مشکلات کے اثرات سے مکمل طور پر باہر نہیں نکل سکے اور مقامی معیشت بھی ابھی مکمل طور پر بحال نہیں ہوئی۔ ایسے حالات میں عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنا کسی صورت مناسب نہیں ہوگا۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی نے کابینہ اجلاس میں عوام کے مفاد اور ملاکنڈ ریجن کے عوام کی مشکلات کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتے ہوئے ٹول ٹیکس میں اضافے کی تجویز کی مخالفت کی۔
وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی کے مؤقف کو اہمیت دیتے ہوئے ٹول ٹیکس میں اضافے کی تجویز کو ایجنڈے سے خارج کر دیا۔
یہ فیصلہ اس بات کا عکاس ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام پر غیر ضروری مالی بوجھ ڈالنے کے بجائے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلیف اور سہولت فراہم کرنے کو ترجیح دے رہی ہے۔
ڈاکٹر امجد علی کی جانب سے ملاکنڈ ریجن کے عوام کے حقوق اور مفادات کے لیے ایک بار پھر مؤثر آواز بلند کی گئی۔