23/09/2026
جمعیت علماء اسلام کے ورکر کنونشن میں چوہدری ولی داد چیمہ کی حمایت
بہاولپور:
جمعیت علماء اسلام کے ورکر کنونشن میں مولانا فضل الرحمٰن کی ہدایت پر چوہدری ولی داد چیمہ کی حمایت کا اعلان
گرینڈ پیلس بہاولپور میں جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام ضمنی الیکشن حلقہ این اے 168 بہاولپور کے سلسلے میں ایک اہم ورکر کنونشن منعقد ہوا، جس میں جمعیت علماء اسلام کے کارکنان اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنما مفتی عبد الواحد قریشی نے ضمنی الیکشن میں چوہدری ولی داد چیمہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے کارکنان اور ذمہ داران انتخابی عمل میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر سابق وفاقی وزیر و ایم این اے چوہدری طارق بشیر چیمہ نے بھی خطاب کیا اور موجودہ سیاسی صورتحال، حلقہ این اے 168 کے ضمنی انتخابات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔
ورکر کنونشن میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب و ایم پی اے حسن عسکری شیخ، سابق چیئرمین و ناظم یوسی مہر محمد صدیق، سابق وائس چیئرمین یوسی چوہدری محمد خالد گجر، مقامی بزنس مین راؤ رضوان علی، مہر ساجد حسین، چوہدری محمد احسان، سابق کونسلر و نمبردار چوہدری اکرام الحق، چوہدری میلاد اعظم، مقامی بزنس مین چوہدری عبدالغفار، جام دلدار لاڑ، عبدالرشید پنوار سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔
کنونشن کے دوران شرکاء نے ضمنی الیکشن کے حوالے سے باہمی مشاورت کی اور انتخابی سرگرمیوں کو مزید منظم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ جمعیت علماء اسلام کی جانب سے چوہدری ولی داد چیمہ کی حمایت کے اعلان کو حلقہ این اے 168 کی انتخابی سرگرمیوں کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔