22/09/2026
دستاویزات اور محکمہ جاتی پورٹل پر اسکول کے نام کے ساتھ ’اردو‘ درج، پرنسپل کر رہی من مانی: نظرعالم
دربھنگہ۔ آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر اور جنتادل یونائیٹڈ، بہار کے رکن نظرعالم نے منگل کے روز کیوٹی اسمبلی حلقہ کے دیگھیار گاؤں واقع اردو مڈل اسکول کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے پرنسپل کلپنا پاٹھک، مقامی باشندوں، طلبہ اور اسکول سے وابستہ افراد سے ملاقات کرکے موجودہ صورتحال کی جانکاری حاصل کی۔
نظرعالم نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے یہ معاملہ سامنے آرہا ہے کہ اسکول کی مہر سے ’اردو‘ کا لفظ ہٹا دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جمعہ کی چھٹی ختم کرکے اتوار کی چھٹی کیے جانے کی بات بھی سامنے آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکول کے سابق پرنسپل کی مہر میں بھی ’اردو‘ کا لفظ واضح طور پر درج تھا۔ طلبہ کے ایڈمٹ کارڈ، سرٹیفکیٹ، اسکول کے دعوت نامے اور دیگر تعلیمی دستاویزات میں بھی اسکول کے نام کے ساتھ ’اردو‘ درج ہے۔ محکمہ جاتی پورٹل پر بھی اسکول کا نام ’ہائر سیکنڈری اسکول دیگھیار اردو‘ درج ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔
نظرعالم نے کہا کہ جب سرکاری اور اسکولی دستاویزات میں ادارے کی شناخت کے ساتھ ’اردو‘ درج ہے تو پھر کسی پرنسپل کی جانب سے اپنی سطح پر اسکول کی مہر اور شناخت سے ’اردو‘ ہٹانے کی بنیاد کیا ہے، یہ واضح ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر نئی پرنسپل کی تقرری عام اسکول کے لیے ہوئی ہے تو انہیں اردو اسکول میں تعینات کرنے کا فیصلہ محکمہ تعلیم کا معاملہ ہے، لیکن کسی پرنسپل کی جانب سے سرکاری ریکارڈ میں درج ادارے کی شناخت میں اپنی مرضی سے تبدیلی کرنا مناسب نہیں ہے۔
نظرعالم نے محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ سے پورے معاملے کی غیر جانب دارانہ جانچ کرانے، اسکول کے اصل نام اور سرکاری ریکارڈ کی صورتحال واضح کرنے اور اگر قواعد کے خلاف کوئی تبدیلی کی گئی ہے تو اسے فوری طور پر درست کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اردو بہار کی دوسری سرکاری زبان ہے اور اردو اسکول کی شناخت سے متعلق کسی بھی من مانے اقدام کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔ طلبہ اور مقامی باشندوں کے جذبات کا بھی احترام کیا جانا چاہیے۔
DM Darbhanga Gulam Rasool Balyawi