20/08/2026
> اظہارِ محبت رسول ﷺ
میلادِ مصطفیٰ ﷺ پر ادب و احترام کا پاکیزہ نقش جمانے والی تحقیقی کتاب
’’ادب اور بے ادبی‘‘از پروفیسر ڈاکٹر محمد مسعود احمد کی نوری مشن سے اشاعت
مالیگاؤں: تعظیم و تکریم مصطفیٰ ﷺ پر پروفیسر ڈاکٹر محمد مسعود احمد کی سنجیدہ و تحقیقی کتاب ’’ادب اور بے ادبی‘‘ کو نوری مشن نے 165؍ویں اشاعت کے بطور شائع کر دیا ہے۔ یہ کتاب سیرتِ رسول ﷺ کے تکریمی پہلوؤں پر درسِ عمل مہیا کرتی ہے۔ 88؍صفحات میں 138؍مصادر و مآخذ سے استفادہ کیا گیا ہے۔ اسلوبِ تحریر عمدہ، دل نشیں اورایمان افروز ہے۔ نقد و نظر کے پیمانے تعمیری مزاج اور تقدس ناموسِ رسالت ﷺ کا پاکیزہ درس ازبر کراتے ہیں۔ اسی رخ سے ماہِ ربیع الاول کی بہاروں میں نوری مشن نے اِس کتاب کو بِلاقیمت مہیا کیا ہے... ناموسِ رسالت ﷺ میں توہین و جرأت پر مبنی کتاب ’’تقویۃ الایمان‘‘ کی 16؍عبارتوں کا علمی و فکری محاکمہ کیا گیا ہے- بے ادبی و توہین کے جراثیم واضح کر کے قرآنی آیات کی روشنی میں محبت و تکریم بارگاہِ رسالت ﷺ کی پاکیزہ فضا ہموار کی ہے۔ علامہ محمد عبدالمبین نعمانی لکھتے ہیں:
’’زیر نظر کتاب ’’ادب اور بے ادبی" بھی اسی گستاخانہ کتاب کے خلاف ایک قلمی جہاد ہے، جسے سعادت لوح وقلم پروفیسر ڈاکٹر محمد مسعود احمد صاحب دہلوی (ایم اے، پی ایچ ڈی) فرزند حضرت مولانا شاہ مظہر اللہ صاحب مفتی اعظم دہلی نے اپنے مخصوص، اچھوتے اور دل نشیں انداز میں قلم بند فرما کر اربابِ علم و دانش کو دعوتِ فکر دی ہے، موصوف نے تیر و نشتر کے معروف طریقے سے ہٹ کر مذکورہ کتاب کی گستاخانہ اور غیر اسلامی عبارات کا علمی و فکری محاسبہ کیا ہے۔ اور قارئین کو عظمت وقارِ مصطفیٰ (علیہ التحیۃ والثناء) سے سینوں کو منور رکھنے کی تلقین کی ہے، پروفیسر صاحب موصوف اس کتاب میں ایک انشا پرداز ادیب اور مؤرخ سے زیادہ ایک پر سوز داعی اور پر جوش مبلغ کی حیثیت سے صاف دیکھے جا سکتے ہیں۔ جو ان کے غایتِ حبِ رسول ﷺ پر دال ہے۔‘‘(ص۸)...میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی بہاروں میں ایسی ایمان افروز کتاب کا مطالعہ یقیناً ایمان کی تقویت کا باعث ہوگا۔ کتاب کے حصول کے لیے اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر نور باغ مالیگاؤں یا مدینہ کتاب گھر نزد مدینہ مسجد رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ پی ڈی ایف فائل کے لیے ان نمبرات پر واٹس ایپ رابطہ کیا جا سکتا ہے، 9325028586, 9273574090, 7588815888, ایسی اطلاع نوری مشن مالیگاؤں نے ارسال کی۔