06/08/2026
صوبائی حکومت | گڈ گورننس روڈ میپ | ڈسٹرکٹ سروس ڈیلیوری
ضلع ایبٹ آباد میں خواتین کی صحت کے تحفظ اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے بے نظیر بھٹو شہید ٹیچنگ ہسپتال میں ڈسٹرکٹ بریسٹ کلینک کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر عامر اسرار، سینئر ڈاکٹرز اور سٹاف نے شرکت کی۔
بریسٹ کلینک ڈسٹرکٹ کا پہلا سرکاری بریسٹ کلینک ہے جو ماہر بریسٹ سرجن ڈاکٹر سمن ناز کی نگرانی میں خدمات فراہم کرے گا۔ اس کلینک کے قیام کا مقصد خواتین میں بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص، مؤثر علاج، آگاہی میں اضافہ اور اموات کی شرح میں کمی لانا ہے۔
افتتاح کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بریسٹ کلینک عوام، بالخصوص خواتین کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے۔ اس جدید سہولت سے بریسٹ کینسر کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص، بروقت علاج اور آگاہی کو فروغ ملے گا، جس سے متعدد قیمتی جانیں بچانے میں مدد ملے گی۔
کلینک میں درج ذیل سہولیات فراہم کی جائیں گی:
◀️ بریسٹ امراض کی ابتدائی تشخیص اور جدید طبی معائنہ
◀️ بریسٹ سیلف ایگزامینیشن (خود معائنہ) کی تربیت اور آگاہی
◀️ بریسٹ گلٹی، درد، نپل سے اخراج اور دیگر شکایات کا جامع معائنہ
◀️ ضرورت کے مطابق بریسٹ بایوپسی کی سہولت
◀️ بریسٹ کینسر کا شواہد پر مبنی جدید اور جامع علاج
◀️ غیر سرطانی بریسٹ امراض کا علاج اور باقاعدہ فالو اپ
پاکستان میں ہر آٹھ میں سے ایک خاتون کو زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے میں بریسٹ کینسر لاحق ہونے کا خدشہ ہوتا ہے، تاہم بروقت تشخیص کی صورت میں علاج کی کامیابی کے امکانات انتہائی روشن ہوتے ہیں۔ اس جدید بریسٹ کلینک کے قیام سے نہ صرف ایبٹ آباد بلکہ ہزارہ ڈویژن کے دیگر اضلاع کی خواتین بھی مستفید ہو سکیں گی۔