25/08/2026
صوبائی مقابلۂ حسنِ قرأت و نعت خوانی کامیابی سے اختتام پذیر
محکمہ اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور خیبرپختونخوا کے زیرِ اہتمام عشرۂ رحمتُ للعالمین ﷺ کی مناسبت سے منعقدہ صوبائی مقابلۂ حسنِ قرأت و نعت خوانی کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔
سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور فروغِ امن کے عنوان سے منعقدہ ان مقابلوں میں صوبے بھر سے قرّاء اور نعت خواں حضرات نے شرکت کی۔ حسنِ قرأت کے مقابلے میں ملاکنڈ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے محمد جنید احمد نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ نعت خوانی کے مقابلے میں فہد نسیم نے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
تقریب میں صوبائی وزیر برائے اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور صاحبزادہ محمد عدنان قادری، سیکرٹری اوقاف جناب عطا الرحمٰن، چیئرمین متحدہ علماء بورڈ، جید علماء کرام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مقابلوں میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے شرکاء کو 12 ربیع الاول کی مناسبت سے منعقد ہونے والی صوبائی رحمتُ للعالمین ﷺ کانفرنس میں انعامات سے نوازا جائے گا۔