01/09/2026
بٹگرام میں نندھیاڑ تحصیل کے قیام کا مطالبہ
بٹگرام آئی ایس ایف کے صدر اور کابینہ کے اراکین نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور معاونِ خصوصی برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند سے ضلع بٹگرام میں "نندھیاڑ تحصیل" کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔
آئی ایس ایف بٹگرام کے عہدیداران کے مطابق مجوزہ نندھیاڑ تحصیل تین بڑی یونین کونسلوں اور ملحقہ علاقوں پر مشتمل ہوگی، جن میں یونین کونسل شملائی، یونین کونسل راجدھاری، یونین کونسل بٹہ موڑی اور یونین کونسل اپر بٹگرام کے بعض علاقے شامل ہیں۔
عہدیداران کا کہنا ہے کہ نندھیاڑ کے وسیع جغرافیائی رقبے، بڑھتی ہوئی آبادی اور دور دراز علاقوں کے عوام کو درپیش انتظامی مشکلات کے پیشِ نظر ایک علیحدہ تحصیل کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نئی تحصیل کے قیام سے مقامی شہریوں کو سرکاری و انتظامی امور کے لیے طویل فاصلے طے کرنے کی مشکلات میں کمی آئے گی اور بنیادی سرکاری سہولیات ان کی دہلیز کے قریب میسر آسکیں گی۔
آئی ایس ایف بٹگرام کے صدر اور کابینہ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور معاونِ خصوصی برائے کھیل و امورِ نوجوانان سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی ضرورت اور علاقے کے مفاد کو مدِنظر رکھتے ہوئے نندھیاڑ تحصیل کے قیام کے لیے ضروری انتظامی اور قانونی اقدامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نندھیاڑ تحصیل کے قیام سے نہ صرف انتظامی نظام مزید مؤثر ہوگا بلکہ علاقے کی ترقی، عوامی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری اداروں تک شہریوں کی رسائی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔