08/04/2026
فوڈ ایکٹ 2022 کے تحت ڈائریکٹر فوڈ دیامر استور ڈویژن جناب محمد خورشید عالم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ/ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر دیامر جناب سلطان محمود نے فوڈ انسپکٹرز کے ہمراہ چلاس بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد بازار میں فروخت ہونے والی اشیائے خوردونوش کے معیار کو جانچنا، صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینا اور عوام کو محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔
دورانِ معائنہ مختلف ہوٹلز، بیکریوں، سبزی و فروٹ کی دکانوں اور دیگر اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والے مراکز کا بغور جائزہ لیا گیا۔ صفائی کے ناقص انتظامات، غیر معیاری اور زائد المعیاد اشیاء کی موجودگی پر متعدد دکانداروں کے خلاف موقع پر ہی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ خلاف ورزی کے مرتکب افراد پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ بعض کو وارننگ بھی جاری کیے گئے۔
ڈائریکٹر فوڈ دیامر استور ڈویژن نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ صفائی کے اصولوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، اشیائے خوردونوش کو ڈھانپ کر رکھیں، زائد المعیاد اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے سے گریز کریں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ فوڈ سیفٹی قوانین کی پابندی کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر فوڈ نے کہا کہ فوڈ ڈیپارٹمنٹ عوام کو صحت بخش اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے اور ایسے معائنے آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ غیر معیاری اشیاء کی نشاندہی کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع بھر میں فوڈ ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
Food Department, G-B food