09/04/2026
ڈپٹی کمشنر چنیوٹ محترمہ عائشہ رضوان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں میونسپل کمیٹی چنیوٹ کا عملہ شہر بھر میں گھروں کے اندر رکھے گئے مال مویشی کو شہری حدود سے باہر منتقل کرنے کے لیے متحرک ہے۔
اس سلسلے میں میونسپل کمیٹی کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ان افراد کے خلاف اقدامات کر رہی ہیں جنہوں نے رہائشی علاقوں میں مال مویشی رکھے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے صفائی، سیوریج اور شہری ماحول متاثر ہو رہا ہے۔ عملہ گھروں سے مال مویشی نکلوا کر مقررہ مقامات پر منتقل کر رہا ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر چنیوٹ نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ رہائشی علاقوں میں مال مویشی رکھنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور اس حوالے سے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے مال مویشی کو مقررہ حدود میں منتقل کریں تاکہ شہر کو صاف، صحت مند اور منظم بنایا جا سکے۔
میونسپل کمیٹی چنیوٹ شہریوں کو بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور یہ آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔