03/08/2026
ایمبولینس میں جنم لینے والے نومولود کی سانسیں بحال، ریسکیو 1122 کا قابلِ تحسین اقدام
ڈیرہ غازی خان: ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان نے بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایمبولینس میں ایک خاتون کی کامیاب ڈیلیوری کروا دی، جبکہ بروقت طبی امداد فراہم کرکے نومولود کی سانسیں بھی بحال کر دیں۔
ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو پیر کے روز BHU گدائی سے ایمرجنسی کال موصول ہوئی کہ 30 سالہ خاتون کو زچگی کے شدید درد کا سامنا ہے اور فوری طور پر ایمبولینس درکار ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم ایمبولینس (DGA-18) کے ذریعے موقع پر پہنچی اور مریضہ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کرنا شروع کر دیا۔
دورانِ سفر خاتون کی حالت کے پیشِ نظر بچے کی پیدائش کا عمل شروع ہو گیا، جس پر ریسکیو عملے نے انتہائی مہارت اور احتیاط کے ساتھ ایمبولینس میں ہی محفوظ طریقے سے بچے کی پیدائش کروائی۔
پیدائش کے فوراً بعد نومولود کی سانسیں بحال نہیں تھیں اور وہ نیم بے ہوش حالت میں تھا۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر ایئر وے کلیئر کی، ریسکیو بریتھنگ، جسمانی تحریک (Stimulation) اور آکسیجن سپورٹ فراہم کی، جس کے نتیجے میں نومولود کی سانسیں بحال ہو گئیں اور اس کی حالت بہتر ہو گئی۔
بعد ازاں ماں اور نومولود دونوں کو مزید علاج اور نگہداشت کے لیے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا گیا، جہاں دونوں کی حالت تسلی بخش بتائی گئی۔
ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی، پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر طبی امداد کے باعث ماں اور نومولود دونوں محفوظ رہے۔ ریسکیو ٹیم نے دیہی علاقے میں صرف 13 منٹ کے ریسپانس ٹائم کے ساتھ بروقت پہنچ کر ایک اور قیمتی جان بچانے میں کامیابی حاصل کی۔ :::**