21/08/2026
غازی یونیورسٹی میں ہفتہ رحمت اللعالمین ﷺ کے سلسلے میں مقابلۂ حسنِ قرأت و نعت کا انعقاد
غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ کی زیرِ سرپرستی ہفتہ رحمت اللعالمین ﷺ کی تقریبات کا آغاز کر دیا گیا۔ سینیئر ٹیوٹر آفس کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریبات کے پہلے روز نعت و قرأت کلب کے زیرِ انتظام مقابلۂ حسنِ قرأت و نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونیورسٹی کے مختلف تدریسی شعبہ جات کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
مقابلہ قرأت و نعت کی نگرانی نعت و قرأت کلب کی کنوینر ڈاکٹر طاہرہ بتول قیصرانی نے کی، جبکہ منصفی کے فرائض ڈاکٹر جویریہ شیرانی، ڈاکٹر عدیلہ اور فرحان گیلانی نے انجام دیے۔ نظامت کے فرائض بھی ڈاکٹر طاہرہ بتول قیصرانی نے سرانجام دیے۔ تقریب میں یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران، طلبہ و طالبات اور سٹاف نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ مقابلۂ نعت خوانی میں طلبہ و طالبات نے عقیدت و محبت کے جذبات سے سرشار ہو کر بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیےسینیئر ٹیوٹر ڈاکٹر محمد ابراہیم نے بھی خوبصورت نعت پیش کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر طاہرہ بتول قیصرانی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے سراپا رحمت بنا کر مبعوث فرمایا۔ آپ ﷺ نے انسانیت کو جہالت، ظلم اور ناانصافی کے اندھیروں سے نکال کر علم، عدل، اخلاق، امن اور محبت کی روشنی عطا کی۔ آپ ﷺ بچوں سے شفقت، یتیموں اور بیواؤں سے ہمدردی، غلاموں کے ساتھ حسنِ سلوک اور دشمنوں کے ساتھ عفو و درگزر کا عملی نمونہ تھے۔
ڈاکٹر محمد ابراہیم نے کہا کہ رحمت اللعالمین ﷺ کی تعلیمات کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو سیرتِ طیبہ کے مطابق ڈھالیں، سنتِ نبوی ﷺ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں اور اپنے قول و عمل سے انسانیت کے لیے رحمت کا ذریعہ بنیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہفتہ رحمت اللعالمین ﷺ کی تقریبات کو محض رسمی سرگرمیوں تک محدود رکھنے کے بجائے ان کے پیغام کو معاشرے میں فروغ دیا جائے تاکہ اسلام کا حقیقی پیغام، یعنی امن، سلامتی، اخوت، عدل اور رحمت، عام ہو۔
تقریب کے اختتام پر مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ دیگر شرکاء کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔