18/08/2026
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے سیسارک کی ڈائریکٹر جنرل اور ترکیہ کی سابق وزیر برائے محنت و سماجی خدمات زہرہ زمرد سلجوق اور پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے ملاقات کی۔
ملاقات میں او آئی سی کے پلیٹ فارم سے قانونی ہجرت، لیبر موبیلٹی اور ہنرمند افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ چوہدری سالک حسین نے کہا کہ مسلم ممالک کے مشترکہ پلیٹ فارم کو قانونی ہجرت کے فروغ اور ہنرمند افرادی قوت کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے، جس سے پاکستانی ہنرمندوں کے لیے ترکیہ کے صنعتی، تعمیراتی اور صحت کے شعبوں میں باعزت روزگار کے نئے راستے کھل سکتے ہیں۔
سیسارک کی ڈائریکٹر جنرل زہرہ زمرد سلجوق نے محفوظ اور قانونی لیبر موبیلٹی کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، جبکہ ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے بتایا کہ رواں سال مختلف شعبوں میں 8 ہزار پاکستانی روزگار کے لیے ترکیہ گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ترکیہ کے ڈپٹی وزیرِ محنت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔