16/07/2026
اسسٹنٹ ڈائریکٹر محتسب (حب/لسبیلہ/آواران) ساجد بلوچ کی کامیاب کارروائی، انتقالِ اراضی (میوٹیشن) کا کیس حل، شکایت کنندہ کو انصاف مل گیا
حب: اسسٹنٹ ڈائریکٹر محتسب (حب، لسبیلہ، آواران) ساجد بلوچ نے انتقالِ اراضی (میوٹیشن) سے متعلق ایک اہم شکایت کو کامیابی سے حل کرتے ہوئے شکایت کنندہ کو بروقت انصاف فراہم کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شکایت کنندہ کی جانب سے زرعی ترقیاتی بینک کے پاس زیرِ التوا انتقالِ اراضی (میوٹیشن) کے معاملے پر محتسب دفتر سے رجوع کیا گیا تھا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محتسب ساجد بلوچ نے کیس کا باریک بینی سے جائزہ لیا، متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا اور قانونی تقاضے پورے کرواتے ہوئے معاملے کو کامیابی سے منطقی انجام تک پہنچایا۔
کامیاب کارروائی کے نتیجے میں زرعی ترقیاتی بینک کی جانب سے مذکورہ زمین کا انتقال (میوٹیشن) شکایت کنندہ کے نام منتقل کر دیا گیا، جس پر متاثرہ شہری نے دفترِ محتسب اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ساجد بلوچ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر محتسب ساجد بلوچ نے کہا کہ محتسب ادارے کا بنیادی مقصد عوام کو فوری، مؤثر اور بلاامتیاز انصاف فراہم کرنا ہے، اور شہریوں کی شکایات کو قانون کے مطابق جلد از جلد حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی بھی سرکاری ادارے سے متعلق انہیں شکایت یا مسئلہ درپیش ہو تو وہ بلاجھجک دفترِ محتسب سے رجوع کریں تاکہ ان کی شکایات کا شفاف اور بروقت ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔