21/08/2026
پنجاب فوڈ اتھارٹی جھنگ کا جعلی مشروبات تیار کرنے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن
ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی جھنگ کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے تحصیل شورکوٹ میں جعلی مشروبات تیار کرنے والی فیکٹری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں جعلی مصنوعات اور سامان برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کے دوران موقع پر جعلی مینگو ڈرنک اور مس برانڈڈ منرل واٹر تیار کرتے ہوئے ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
کارروائی کے دوران 50 لیٹر خراب پلپ موقع پر تلف کر دیا گیا، جبکہ 360 لیٹر مینگو ڈرنک، 650 لیٹر منرل واٹر، مکسنگ مشین، ہیٹ گن، خالی ڈرم اور 2 کلو جعلی لیبلزبحق سرکار ضبط کر لیے گئے۔ مزید برآں، مصنوعات کے نمونے تجزیے کے لیے حاصل کیے گئے۔
جعلی پروڈکشن، مس برانڈنگ اور بغیر لائسنس کاروبار کرنے پر ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی گئی، جبکہ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ عوام کو غیر معیاری، جعلی اور مضرِ صحت اشیائے خورونوش سے محفوظ رکھنا اولین ترجیح ہے۔ ملاوٹ مافیا اور جعلی مصنوعات کے ذریعے عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔