27/08/2022
کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عامر آفاق کی زیر صدارت سیلابی صورتحال، اقدامات، ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں بالخصوص دریائے سندھ سے گزرنے والے6سے7لاکھ کیوسک پانی سے متعلق انتظامات کے حوالے سے انکے دفتر میں اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی فصیل امین گنڈہ پور، سابق وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈہ پور، ریجنل پولیس آفیسر شوکت عباس، سٹیشن کمانڈر بریگیڈئر محمد راشد، ممبر صوبائی اسمبلی احمد کنڈی، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان نصراللہ خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اقبال وزیر، ایس ای ایریگیشن، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نجم الحسنین لیاقت، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، اسسٹنٹ ٹو کمشنر (پولیٹیکل)، ڈ سٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122کمال شاہ، اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم اوز، ڈبلیو ایس ایس سی، ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک، پراجیکٹ ڈائریکٹر گومل زام اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کمشنر ڈیرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ صورتحال اور دریا سے گزرنے والے 6سے 7لاکھ کیوسک سیلابی پانی کو مدنظر رکھتے ہوئے اگلے 48گھنٹے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں سے متعلق ہدایات دیتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ متاثرین کی تعداد زیادہ ہے لہذا شیلٹر اور ریلیف کمپس میں فوری اضافہ کیا جائے اور وہاں رہائش کے ساتھ ساتھ کھانے پینے اور طبی سہولیات سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کو ہدایت کی کہ سیلاب کے باعث جو اموات ہوئی ہوں انکو فوری کمپنسیٹ کیا جائے۔ڈبلیو ایس ایس سی کو ہدایت کی کہ اپنے اہلکاروں کو موبلائز کریں تاکہ نکاسی آب میں بلاکیج یا رکاوٹ پیش نہ آئے اور نکاسی کی روانی میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔اسی طرح محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ اشیاء خوردونوش کی مارکیٹس میں دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ خودساختہ مہنگائی کا تدارک کیا جائے جبکہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔کمشنر ڈیرہ نے پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122کی جانب سے تندہی سے فرائض کی انجام دہی اور بڑھ چڑھ کر ریسکیو سرگرمیاں سرانجام دینے پر کارکردگی کو سراہا۔کمشنر ڈیرہ نے منتخب عوامی نمائندوں کی جانب سے اجلاس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے کافی نقصانات ہوئے ہیں لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب ملکر متاثرین کی مدد کریں اور ایک دوسرے کا سہارا بنے اور یہی زندہ قوموں کی نشانی ہوتی ہے۔ہم نے یکجہتی اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرنا ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کو ہدایت کی کہ کچے کے دور دراز علاقوں تک جتنا جلد ممکن ہو سکے رسائی حاصل کریں جبکہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے موصول ہونے والے امدادی سامان کی بلاتفریق اور منصفانہ تقسیم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ ہر حقدار تک اسکا حق پہنچے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی فیصل امین گنڈہ پور نے کہا کہ چیف منسٹر خیبر پختونخوا محمود خان کی جانب سے بلیک چیک موصول ہو چکا ہے لہذا امدادی سرگرمیوں سمیت شیلٹر اور ریلیف سرگرمیوں میں جتنا خرچ آئیگا حکومت کی جانب سے فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام ڈیپارٹمنس کی جانب سے تندہی سے فرائض ادا کرنے اور خدمات کے جذبے کو سراہا اور اس جذبے کو لائق تحسین قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ایم اے درابن کو بہت جلد فنڈ فراہم کر دیا جائے گا تاکہ تمام سرگرمیاں بہتر طور پر نمٹائی جا سکیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابقہ وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور نے کہا کہ سیلاب کے دوران جو محکمے فیلڈ میں خدمات سرانجام دے رہے تھے ان سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملنے والے فنڈز اور امدادی سامان کی منصفانہ تقسیم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر محمد راشد نے کہا کہ تمام تر صورتحال پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے۔ دور دراز کے علاقوں اور چاروں اطراف سے پانی میں گھری آبادی کو بحفاظت محفوظ مقام تک منتقلی یقینی بنانے کیلئے پاک فوج کا ہیلی کاپٹر آپریشنل کر دیا گیا ہے جبکہ گاڑیاں بھی فراہم کی جا رہی ہیں اور اس سلسلے میں انتظامیہ کو پاک فوج کی جانب سے مکمل تعاون حاصل رہے گا۔
Commissioner DIKhan Division
PDMA Khyber Pakhtunkhwa
Mahmood Khan
Deputy Commissioner DIKhan
District Food Controller D.I.Khan
Rescue 1122 DIKhan
Faisal Amin Khan Gandapur
RPO Dera Ismail Khan
Dera Ismail Khan Police
Gomal Zam Dam Command Area Development Project
WSSC Dikhan