03/03/2026
متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ اس کی فضائی حدود ایران پر کسی بھی حملے کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائیں گی۔ اماراتی وزیرِ مملکت برائے بین الاقوامی تعاون، ریم الہاشمی نے پریس بریفنگ میں واضح کیا کہ یو اے ای اپنی سرزمین اور فضائی حدود کو کسی جارحانہ کارروائی کا حصہ نہیں بننے دے گا۔ریم الہاشمی کا کہنا تھا کہ ایران کا بیلسٹک میزائل پروگرام خطے کے لیے خطرہ ہے اور امارات کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ تاہم انہوں نے زور دیا کہ موجودہ بحران کا فوجی حل ممکن نہیں اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پورے خطے کو نقصان پہنچائے گی۔ایرانی حملوں کے تناظر میں تہران میں اماراتی سفارتخانہ بند کر کے سفیر کو واپس بلا لیا گیا ہے۔ دوسری جانب ابوظبی میں عسکری حکام کا کہنا ہے کہ ملک حالتِ جنگ میں ہے۔ وزارتِ دفاع کے ترجمان کے مطابق اماراتی مسلح افواج مکمل جنگی تیاری میں ہیں اور قومی خودمختاری و سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔