27/02/2026
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ضلع کورنگی کے مرکزی آفس میں ایک بھرپور، ولولہ انگیز اور جارحانہ تنظیمی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں واضح پیغام دیا گیا کہ ضلع کورنگی میں اب سیاسی میدان خالی نہیں چھوڑا جائے گا۔
اجلاس کی صدارت تنویر چوہدری صدر ضلع کورنگی نے کی۔ اس موقع پر سابق ڈی ایس پی اسلم جوئیہ، سابق سیکٹر انچارج طارق انصاری، محمّد توقیر اور ان کے ساتھیوں نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ مسلم لیگ فنکشنل کے ذمہ داران و اجلاس کے شرکاء نے نئے ساتھیوں کا پُرجوش استقبال کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع کورنگی میں تنظیم کو ناقابلِ شکست قوت بنایا جائے گا۔
اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات انجنیئر ملک شاہ زین، صدر لیبر ونگ ضلع کورنگی منظور جانوری، رابطہ سیکرٹری محمد علی، نائب صدورز رانا اسلم، معروف چشتی، سید عظیم، فصیح الدین، سعد عزیزی, محمّد عمران، شہزاد بگٹی لیبر ونگ اور دیگر ضلعی و پی ایس ذمہ داران نے شرکت کی اور دوٹوک انداز میں کہا کہ اب عوامی مسائل پر خاموشی نہیں بلکہ بھرپور اپوزیشن کا رول ادا کیا جائے گا۔
اسلم جوئیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان ہمارا اصل سرمایہ اور طاقت ہیں، اور جو لوگ عوام کو نظرانداز کر رہے ہیں انہیں میدان میں جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کورنگی میں حقیقی عوامی سیاست کا آغاز ہوچکا ہے۔
طارق انصاری نے کہا کہ قوم کو کمزور اور مفاد پرست قیادت نہیں بلکہ جرات مند اور باصلاحیت نوجوان قیادت کی ضرورت ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل ہر قومیت اور ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے والی جماعت ہے اور یہی اتحاد مخالفین کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے۔
منظور جانوری اور انجنیئر ملک شاہ زین نے کہا کہ پارٹی سربراہ پیر صاحب پگارا کے خاندان نے پاکستان کے لیے جو لازوال قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے واضح اعلان کیا کہ مسلم لیگ فنکشنل کسی مصلحت کی سیاست نہیں کرتی، بلکہ نظریۂ پاکستان، افواجِ پاکستان اور قومی سلامتی کے دفاع میں ہمیشہ صفِ اول میں کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔
جاریکردہ!
انجنیئر ملک شاہ زین
انفارمیشن سیکرٹری ضلع کورنگی
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل