06/08/2026
ورکر ویلفیئر پورٹل کو مزدوروں کے لیے مزید آسان اور مفید بنانے کے اقدامات
پنجاب ورکر ویلفیئر فنڈ کے نئے پورٹل سے متعلق کھلی کچہری کا انعقاد
ممبر گورننگ باڈی ورکر ویلفیئر فنڈ (وفاق و پنجاب) قائد محترم جناب شیخ محسن الیاس صاحب اور ممبر گورننگ باڈی ورکر ویلفیئر فنڈ (پنجاب)جناب چوہدری سعد صاحب کی کاوشوں سے پنجاب ورکر ویلفیئر فنڈ کے نئے پورٹل سے متعلق مزدوروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
کھلی کچہری کی صدارت سیکرٹری لیبر پنجاب جناب دانش افضال صاحب اور سیکرٹری ورکر ویلفیئر فنڈ پنجاب جناب مجتبیٰ عرفات بھروانہ صاحب نے کی، جبکہ ڈائریکٹر لیبر ساؤتھ لاہور جناب ندیم اخترصاحب، مزدور رہنماؤں اور مزدوروں نے بھرپور شرکت کی۔ کھلی کچہری سے قبل متعدد مسائل اعلیٰ حکام کے ساتھ اجلاس میں حل کر لیے گئے تھے، جن سے شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔
قائد محترم جناب شیخ محسن الیاس صاحب نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ورکر ویلفیئر فنڈ کی سہولیات ہر مستحق مزدور تک بلاامتیاز پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے نئے پورٹل میں موجود خامیوں کو دور کرنے اور مزدوروں کے مسائل کے فوری حل کے لیے مسلسل کوششوں پر زور دیا اور متعلقہ حکام کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
اہم فیصلے:
1. پورٹل میں اپ ڈیٹ کی گئی ہے کہ پنجاب اور وفاق میں 2 فیصد یا 5 فیصد فنڈ جمع کروانے والے ایسے ادارے جو ایک سے زائد لوکیشنز پر موجود ہیں، ان کا جمع شدہ فنڈ واؤچر تمام متعلقہ لوکیشنز پر بھی قابلِ قبول ہوگا۔ پہلے پورٹل پر یہ آپشن موجود نہیں تھی جس کی وجہ سے کیس اپ لوڈ کرنے میں مشکلات پیش آتی تھیں۔
2. ایسے مزدور جو پنجاب سوشل سکیورٹی میں رجسٹرڈ نہیں لیکن EOBI میں رجسٹرڈ ہیں، ان کے لیے ایک فارم جاری کیا جائے گا۔ مزدور اپنے ادارے سے تصدیق کروا کر یہ فارم اپ لوڈ کرے گا، جس کے بعد اس کا کیس ورکر ویلفیئر فنڈ پنجاب میں رجسٹرڈ ہو جائے گا۔ اب دونوں سہولیات پورٹل پر دستیاب ہوں گی۔
3. کیس کلوز کرنے کی 15 دن کی شرط کو مؤخر کر دیا گیا ہے۔
4. پورٹل میں صنعتی ادارے کا نام سرچ کرنے کی سہولت موجود نہیں تھی، جس کی وجہ سے مشکلات پیش آ رہی تھیں۔ اب سرچ آپشن شامل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
5. مزدوروں کے بچوں کو پرائمری تعلیم (نرسری سے میٹرک تک) معیاری پرائیویٹ سکولوں میں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے اچھے اور معیاری پرائیویٹ سکولوں کے ساتھ ایم اویوز (MOUs) کیے جائیں گے اور اخبارات کے ذریعے شرائط سے آگاہ کیا جائے گا۔
6. ورکر ویلفیئر فنڈ پنجاب کا سرکاری کالج/یونیورسٹی کے ساتھ 70 نشستوں پر داخلوں کے لیے ایم اویو (MOU) سائن ہو چکا ہے، جبکہ میرٹ کا طریقۂ کار طے کرنے کا فیصلہ باقی ہے۔
7. سیکرٹری لیبر پنجاب جناب دانش افضال صاحب نے کم از کم اجرت میں اضافے کے حوالے سے آئندہ ہفتے مزدور رہنماؤں کے ساتھ اجلاس کرنے اور اس سلسلے میں بھرپور تعاون اور کوشش کا عندیہ دیا۔
8. لیبر کالونی ڈیفنس روڈ کے 146 فلیٹس کے مالکانہ حقوق دینے کے حوالے سےقائد محترم شیخ محسن الیاس صاحب اور جناب چوہدری سعد صاحب کی کاوشوں سے یہ معاملہ گورننگ باڈی ورکر ویلفیئر فنڈ پنجاب میں پیش کرنے کا عندیہ دیا گیا، تاکہ کرائے پر الاٹ رہائشی مزدوروں کو مالکانہ حقوق فراہم کیے جا سکیں۔
9. ایسے ادارے جو 2 فیصد یا 5 فیصد ورکر ویلفیئر فنڈ جمع نہیں کرواتے، ان کے اہل مزدوروں کو صرف اسی بنیاد پر ورکر ویلفیئر فنڈ کی گرانٹس کی سہولیات سے محروم نہیں کیا جائے گا۔
10. ایسے ٹرانس پروونشل (بین الصوبائی) ادارے جو وفاق میں 2 فیصد یا 5 فیصد ورکر ویلفیئر فنڈ جمع کرواتے ہیں، ان کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے ذریعے پورٹل میں متعلقہ پیج ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس کے بعد مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرکے کیس باآسانی جمع کرایا جا سکے گا۔
اجلاس کے اختتام پر سیکرٹری لیبر پنجاب جناب دانش افضال صاحب نے مزدوروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے، مسائل کے فوری حل اور ورکر ویلفیئر فنڈ میں بدعنوانی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔
شرکاء نے قائد محترم جناب شیخ محسن الیاس صاحب، چوہدری سعد صاحب،جناب دانش افضال صاحب اورجناب مجتبیٰ عرفات بھروانہ صاحب کا مزدوروں کے مسائل کے حل اور کامیاب کھلی کچہری کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔