09/09/2025
ضلع ٹھٹھہ کے سینکڑوں دیہات لاکھوں افراد مسلسل اور شدید بارشِوں کے باعث سخت متاثر فوری امداد کے منتظر
الخدمت کے تمام رضا کار الرٹ رہیں اپنے حصہ کا کردار ادا کریں گے انشاللہ
*جماعتِ اسلامی، الخدمت کے رضاکار مخلوقِ خدا کے خادم*
(اھم، نازک کام - چند اھم راہنما ضابطے)
سَیلاب کی تباہ کاریوں میں جماعتِ اسلامی، الخدمت کی قیادت، کارکنان و رضاکاران بڑی جانفشانی سے کام کررہے ہیں اور اس کام کی عوام می٘ں بڑی تحسین، قدر اور قبولیت کے جذبات ہیں. مخلوقِ خدا کی بے لوث، بلامعاوضہ خدمت اور مدد اللہ کو راضی کرنے کا بڑا ہی اھم محاذ اور ذریعہ ہے. جس قدر یہ کام اھم ہے اُسی قدر اس سے وابستہ ہر کارکن، رضاکار، والنٹیئر کی ذمہ داری بھی بڑی ہے.
اس سلسلے مین چند اُمور کو ہمیشہ پیشِ نظر رکھیں. تحریک نے آپ پر اعتماد کیا لہٰذا اس کی ساکھ اور توقعات کی حفاظت آپ پر لازم ہے.
* اللہ کی رضا، امانت داری، دیانت داری، تقویٰ، خوفِ خدا کا دامن ہاتھ سے نہ چھوٹے.
* ذاتی مقاصد، نمود و نمائش، ذاتی مفاد نہیں بلکہ حق دار کو حق پہنچانے کا عزم ہمیشہ پیشِ نظر اور اوّلین ترجیح رہے.
* متاثرین کیساتھ ہمدردی، صبر سے پیش آنا اور پوری توجہ سے اُن کی بات سُننا، نیز حوصلہ و ہمت کیساتھ کام جاری رکھنے کا جذبہ ہمہ وقت قائم رہے.
* حوصلہ، عزم، مسلسل محنت، استقامت، طبیعت میں سُکون، مزاج میں ٹھہراؤ اور ہر قسم کے دباؤ کے حالات میں بھی اعصاب پر قابو رکھنے کا ہُنر آنا چاہیے.
* تنہا نہیں، اپنی انفرادیت کو ترجیح نہ دیں بلکہ ٹیم ورک، باھم اعتماد، اتحاد و یکجہتی کو طاقت بنائیں.
* بحرانی کیفیت، سیلابی ریلوں کی لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتِ حال میں لچک، مشاورت، ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے فہم و فراست کیساتھ حل تلاش کریں.
* متاثرین کے لیے دیے گئے مال، سامان، اسباب اور امانتوں کی حفاظت اور انہیں دیانت داری کیساتھ حق دار تک پہنچانے کی ذمہ داری مستعدی کیساتھ انجام دینا.
* اسلامی انقلاب کا داعی، مخلوقِ خدا کی خدمت کرنے والا اپنی جنت کے حصول کی فکر سے غافل نہ ہو.
مخلوقِ خدا کی خدمت کے ذریعے اللہ کو راضی کرنا بڑی خدمت اور ہمت و حوصلے کا کام ہے.
جس قدر یہ کام بڑا ہے اُسی قدر احساسِ ذمہ داری و جوابدہی اور خوفِ خدا کا ہر لمحہ دل میں موجود رہنا بھی ضروری ہے.
اللہ تعالیٰ ھم سب کی مساعی کو قبول اور کوتاہیوں، کمزوریوں سے حتی المقدور بچنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین!
*لیاقت بلوچ*
(نائب امیر جماعتِ اسلامی پاکستان)