02/06/2026
صوابی: ریجنل پولیس آفیسر مردان قاسم علی خان کا ضلع صوابی کا دورہ
ریجنل پولیس آفیسر مردان، قاسم علی خان نے ضلع صوابی کا دورہ کیا۔ پولیس لائن صوابی پہنچنے پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
اس موقع پر *ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی وقاص رفیق*، ایس پی انویسٹی گیشن صوابی شفیع الرحمن خان، ایس پی پی ٹی ایس ڈائریکٹر ظریف خان، تمام ایس ڈی پی اوز اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔
بعد ازاں آر پی او مردان نے پولیس لائن صوابی میں مختلف ڈیوٹی پوائنٹس، سیکیورٹی انتظامات، چاردیواری اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس جوانوں کی جسمانی فٹنس اور پیشہ ورانہ استعداد کو برقرار رکھنے کے لیے قائم جم کا بھی دورہ کیا، جہاں دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا اور جوانوں کی فٹنس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔ بعد ازاں متعلقہ افسران کو مختلف انتظامی امور کے بارے میں بھی ضروری ہدایات دی گئیں۔
دورے کے دوران ریجنل پولیس آفیسر مردان نے دفتر ڈی پی او صوابی کا بھی دورہ کیا، جہاں *ڈی پی او صوابی وقاص رفیق* نے ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کے انسداد، پولیس کی کارکردگی اور سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن شفیع الرحمن خان، تمام ایس ڈی پی اوز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں ضلع کی امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام، زیرِ تفتیش مقدمات اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ بعد ازاں آر پی او مردان نے پولیس سہولت مرکز اور لائسنس برانچ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا، شہریوں سے براہِ راست ملاقات کی اور ان سے فیڈ بیک حاصل کیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو عوامی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
آر پی او مردان نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں۔
بعد ازاں ریجنل پولیس آفیسر مردان نے تھانہ زیدہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھانے کے مختلف شعبہ جات، ریکارڈ، سیکیورٹی انتظامات اور عوامی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تھانے میں موجود افسران و اہلکاروں سے ملاقات کی اور انہیں پیشہ ورانہ فرائض مزید احسن انداز میں انجام دینے کی ہدایات جاری کیں۔
آر پی او مردان نے ضلع صوابی پولیس کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ صوابی پولیس عوام کی خدمت، امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گی۔