01/06/2026
آج عوامی نیشنل پارٹی ضلع سوات کے صدر شیر شاہ خان کی مدعیت میں سید معصوم شاہ باچہ کے خلاف مذہبی اشتعال انگیزی، ہتک عزت، عوامی نفرت پھیلانے اور سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹا پروپیگنڈا کرنے پر ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواست تھانہ رحیم آباد سیدو شریف میں ایس ایچ او فضل رحیم خان کے ساتھ جمع کرائی گئ۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ سید معصوم شاہ باچہ نے پارٹی چھوڑنے کے بعد ایک عوامی واٹس ایپ گروپ میں عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت، کارکنان اور تنظیم کے خلاف نہایت اشتعال انگیز، جھوٹے، ہتک آمیز اور مذہبی منافرت پر مبنی الزامات عائد کئے ہیں۔
ملزم نے اپنے پیغامات میں عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین اور کارکنان کو "قادیانی" قرار دیا اور یہاں تک کہا کہ "پہلے قادیانیوں کا مرکز قادیان میں تھا لیکن اب چارسدہ میں بھی ہے۔" یہ الزامات نہ صرف سراسر جھوٹ، بدنیتی اور ہتک عزت پر مبنی ہیں بلکہ مذہبی منافرت پھیلانے، عوام کو اشتعال دلانے اور سیاسی کارکنان کو خطرات سے دوچار کرنے کی ایک خطرناک کوشش بھی ہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی ماضی میں مذہبی شدت پسندوں اور دہشتگرد تنظیموں کا مسلسل نشانہ رہی ہے۔ پارٹی کے سینکڑوں کارکنان اور قائدین دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہوچکے ہیں۔ ایسے حساس حالات میں عوامی سطح پر پارٹی قیادت اور کارکنان پر مذہبی نوعیت کے الزامات لگانا نہ صرف ان کی عزت و ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے بلکہ ان کی جانوں کو شدید خطرات سے دوچار کرنا بھی ہے۔
ملزم نے جان بوجھ کر سوشل میڈیا/واٹس ایپ گروپ کو استعمال کرتے ہوئے نفرت، خوف اور اشتعال انگیزی پھیلانے کی کوشش کی، جس سے امن و امان کی صورتحال متاثر ہونے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ اس موقع پر فنانس سیکرٹری نواب عالم خان اور انفارمیشن سیکرٹری ضیاءالحق ناصر بھی موجود تھے۔
ضیاءالحق ناصر
ترجمان عوامی نیشنل پارٹی ضلع سوات