22/04/2026
چدھڑ قبیلہ: جٹ محنت کا استعارہ یا راجپوت شاہی کا تسلسل؟
**تحریر: علی حسن چدھڑ
03013838412
تاریخ کے جھروکوں سے جب ہم برصغیر کی جنگجو اور زراعت پیشہ اقوام کا مطالعہ کرتے ہیں، تو چدھڑ ایک ایسا معتبر نام بن کر ابھرتا ہے جس کی جڑیں راجپوتانہ کی تپتی ریت سے لے کر چناب کے زرخیز کناروں تک پھیلی ہوئی ہیں۔ ایک بحث جو اکثر علمی حلقوں اور پنچایتوں میں چھڑتی ہے، وہ یہ ہے کہ: کیا چدھڑ جٹ ہیں یا راجپوت؟
اس گتھی کو سلجھانے کے لیے ہمیں محض شجروں کو نہیں، بلکہ تاریخ کے بدلتے ہوئے سماجی اور معاشی دھاروں کو دیکھنا ہوگا۔تاریخی پس منظر: راجپوتانہ سے ملتان تک
تاریخی روایات کے مطابق، چدھڑ قبیلہ اپنی اصل کے اعتبار سے سورج بنسی راجپوت شاخ سے تعلق رکھتا ہے۔ ان کے آباؤ اجداد کا ماضی کسی تعارف کا محتاج نہیں؛ وہ ہزاروں سال تک برصغیر کے مختلف حصوں اور دہلی طوراں پر بطور مہاراجہ اور حکمران متمکن رہے۔ ان کا ماضی شجاعت، بہادری اور شاہی جاہ و جلال سے عبارت رہا ہے۔
جب حالات کے جبر یا نقل مکانی کی لہر نے انہیں دہلی طوراں راجپوتانہ کے ریگزاروں سے نکال کر ملتان، جھنگ اور ٹالھی منگنی (سندھ و پنجاب کی سرحد) کی طرف ہجرت پر مجبور کیا، تو یہاں سے ایک نئی تاریخ کا آغاز ہوا۔
تقدیر بدلی تو پہچان بدل گئی
"جٹ" یا "راجپوت" کا فرق خون کا نہیں بلکہ عمل کا ہے۔ جب یہ قبیلہ راجپوتانہ کو خیرباد کہہ کر دریائے چناب کے کچے کے علاقوں میں آباد ہوا، تو انہوں نے تلوار کے بجائے ہل کو اپنا رفیق بنا لیا اور انہوں نے چناب کی بنجر اور کچی زمینوں پر دن رات پسینہ بہایا۔دیکھتے ہی دیکھتے وہ بہترین کاشتکار بن گئے اور ساتھ ہی مویشی پالنے کے فن میں بھی کمال حاصل کر لیا۔
برصغیر کے سماجی ڈھانچے میں زراعت سے وابستہ لوگوں کو "جٹ" کے لقب سے پکارا جانے لگا۔ چونکہ چدھڑ قبیلے نے اس پیشے میں نام پیدا کیا اور اسے عزت کی نگاہ سے دیکھا، اس لیے انہوں نے فخر سے خود کو "جٹ" کہلوانا شروع کر دیا۔
چدھڑ قبیلے کی ایک انفرادیت یہ بھی ہے کہ یہ کسی ایک لسانی اکائی تک محدود نہیں رہا۔ یہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں پنجابی، سندھ کی وادیوں میں سندھی اور بعض سرحدی علاقوں میں بلوچ یا پٹھان ثقافت کا حصہ بھی بنے۔ لیکن ان سب کا مرکز و منبع ایک ہی ہے—یعنی چدھڑ کی پشت اصل میں جٹ ہو یا راجپوت، یہ قبیلہ ایک ہی نسل سے ہے۔ فرق صرف طرزِ زندگی کا ہے۔"
تاریخ گواہ ہے کہ چدھڑ قبیلہ جہاں بھی رہا، اس نے دریاؤں اور نہروں کے کنارے آباد ہونے کو ترجیح دی۔ یہ پانی سے ان کی محبت اور زمین سے ان کی وابستگی کا ثبوت ہے۔ آج اگر کوئی چدھڑ خود کو جٹ کہتا ہے، تو یہ اس کی زمین سے وفاداری اور محنت کا اعتراف ہے، اور اگر وہ خود کو راجپوت کہتا ہے، تو یہ اس کے آباؤ اجداد کی اس شاہی وراثت کا تسلسل ہے جس نے صدیوں تک اس خطے کی تقدیر لکھی۔
حقیقت یہ ہے کہ چدھڑ ایک ایسی ہمہ گیر شناخت کا نام ہے جس میں راجپوتوں کی غیرت اور جٹ بھائیوں کی جفاکشی ایک ساتھ دھڑکتی ہے۔ یہ قبیلہ محض ایک قوم نہیں، بلکہ برصغیر کی تہذیبی تاریخ کا ایک مکمل باب ہے۔
#چدھڑ
#تاریخ #راجپوتانہ #کاشتکاری #ثقافت #اجداد