13/12/2025
*قادری ہاؤس پر پولیس کا دھاوا، بھتہ خوری نیٹ ورک بے نقاب، بدنامِ زمانہ صمد کاٹھیا واڑی کے 12 سے زائد ساتھی گرفتار، سنی تحریک کے ترجمان ثروت اعجاز سمیت 20 سے زائد کارکنان حراست میں ، قادری ہاؤس سے جدید اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد، شہر میں ہلچل مچ گئی*
کراچی: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے قادری ہاؤس پر چھاپہ مارا، جہاں سے بدنامِ زمانہ بھتہ خور صمد کاٹھیا واڑی کے 12 سے زائد ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران قادری ہاؤس سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، جس کی باقاعدہ تصدیق کر دی گئی ہے۔
سنی تحریک کے ترجمان کے مطابق اس کارروائی میں ثروت اعجاز سمیت 20 سے زائد کارکنان کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے جبکہ برآمد اسلحے کا فرانزک اور قانونی تجزیہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے قادری ہاؤس کو گھیرے میں لے کر مرحلہ وار تلاشی لی۔ ابتدائی تحقیقات میں بھتہ خوری، اسلحہ کی غیر قانونی ترسیل اور منظم جرائم سے متعلق اہم شواہد سامنے آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ مزید انکشافات تفتیش مکمل ہونے کے بعد متوقع ہیں۔