07/05/2026
سرائیکی وسیب کے اداروں کے محافظ ہیں۔ سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان کی جگہ جم خانہ کلب نہیں بننے دیں گے۔رانا فراز نون
ملتان (سوسائٹی نیوز)
سرائیکی وسیب کے اداروں کے محافظ ہیں۔ سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان کی جگہ جم خانہ کلب نہیں بننے دیں گے کہ ہم اداروں کو مٹانے کی نہیں بلکہ انہیں بچانے کی سیاست کرتے ہیں اور اس علمی مرکز کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار سرائیکستان ڈیمو کریٹک پارٹی کے چیئرمین رانا محمد فراز نون نے ملتان کے تاریخی اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی جگہ جم خانہ کلب بنانے کی خبروں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے زراعت اور خطے کے عوام کے خلاف ایک گہری سازش قرار دیتے ہوئے اپنے بیان میں کیا۔
رانا محمد فراز نون نے کہا کہ زراعت ہماری معیشت کی شہ رگ ہے اور کپاس اس میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ایک ایسے تحقیقی ادارے کو ختم کرنا، جس نے دہائیوں تک کپاس کی پیداوار کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں، محض ایک انتظامی فیصلہ نہیں بلکہ معاشی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا حکومت کے نزدیک کسان کی خوشحالی سے زیادہ افسر شاہی کے سوئمنگ پول اور ٹینس کورٹ اہم ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اداروں کے محافظ ہیں اور ملتان کے اس تاریخی اثاثے پر کسی کو شب خون مارنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ تحقیقی مراکز قوم کی امانت ہوتے ہیں، انہیں اشرافیہ کی تفریح گاہوں میں تبدیل کرنا سرائیکی وسیب کے وسائل پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہے۔سرائیکی وسیب کے کسان پہلے ہی معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔ ایسے میں کاٹن ریسرچ سنٹر جیسی علمی اور تحقیقی درسگاہ کو ختم کرنے کی پالیسی کاشتکار کو اندھیروں میں دھکیلنے کی کوشش ہے۔
رانا محمد فراز نون نے کہا کہ پنجاب حکومت ہوش کے ناخن لے اور اشرافیہ کو نوازنے کے بجائے زراعت کی ترقی پر توجہ دے۔سرائیکستان ڈیمو کریٹک پارٹی اس فیصلے کے خلاف ہر سطح پر مزاحمت کرے گی۔ اگر اس زراعت دشمن منصوبے کو فوری طور پر واپس نہ لیا گیا تو ہم کسانوں اور عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ ہم اداروں کو مٹانے نہیں، بلکہ انہیں بچانے کی سیاست کرتے ہیں اور اس علمی مرکز کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
مزید خبروں اور کالمز کیلئے سوسائٹی نیوز پیج کے لنک کو کلک کریں
https://www.facebook.com/share/17MYuNJah6